09 جون ، 2022
اسلام آباد: قومی اسمبلی سے مستعفی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خواتین اراکین اسمبلی کی زیر قیادت خواتین احتجاج کرتے ہوئے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئیں ۔
پی ٹی آئی خواتین کارکنان کی جانب سے مہنگائی، ای وی ایم بل اور سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کے حق کا بل ختم کرنےکے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرے کی قیادت اراکین قومی اسمبلی عالیہ حمزہ ،کنول شوزب اور ملیکہ بخاری کر رہی تھیں، احتجاج کرنے والی خواتین نے ہاتھوں میں برتن اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔
احتجاج کے دوران رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ گیٹ پر چڑھ گئیں جس کے بعد دروازہ کھول دیا گیا اور خواتین پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں داخل ہوگئیں، تقریباً 3 درجن خواتین اراکین پارلیمنٹ کےگیٹ نمبر ایک سے داخل ہوئیں جس کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے مرکزی ہال کے دروازے کو بند کردیا گیا جہاں اس وقت پارلیمنٹ کا مشترکا اجلاس جاری تھا۔
تحریک انصاف کی خواتین اراکین پارلیمنٹ لاجز سے نکل کر پارلیمنٹ کے مرکزی دروازے پر پہنچیں جہاں احتجاج ریکارڈ کروانے کے بجائے اندر جانےکی کوشش کی۔
رپورٹ کے مطابق پارلیمنٹ لاجز سے پی ٹی آئی کی خواتین اراکین ریلی کی صورت میں پیدل پارلیمنٹ ہاؤس پہنچیں، عالیہ حمزہ ،کنول شوزب اور ملیکہ بخاری نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دے دیا ہے تاہم باضابطہ طور پر ان کا استعفیٰ منظور نہیں ہوا اور وہ ابھی تک پارلیمنٹ لاجز میں ہی رہائش پذیر ہیں جہاں انہوں نے خواتین کارکنوں کو مظاہرے کے لیے جمع کیا تھا۔
واقعےکے بعد پولیس کی بھاری نفری بھی پارلیمنٹ کے باہر پہنچ گئی، بعد ازاں پی ٹی آئی کی خواتین مظاہرین نے پارلیمنٹ کے گیٹ نمبر ایک سے واپس باہر جانے پر اصرار کیا اور سکیورٹی کے روکنے پر خواتین نے پارلیمنٹ کے گیٹ کو لگا تالا توڑدیا اور باہر آگئیں۔