10 جون ، 2022
رکن قومی اسمبلی اور معروف ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین گزشتہ روز انتقال کرگئے تھے تاہم اب ان کی نماز جنازہ اور تدفین سے متعلق تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
عامر لیاقت کی پہلی اہلیہ ڈاکٹرسیدہ بشریٰ نے سابقہ شوہر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ' مرحوم کے دونوں وارثین نے احمد اور دعا عامر نے ان کا پوسٹ مارٹم کروانے سے منع کردیا ہے اور ان کی خواہش کے مطابق مرحوم کو عزت واحترام کے ساتھ ان کی آخری آرام گاہ تک لے جایا جائے گا'۔
انہوں نے کہا کہ میرے سابقہ شوہر عامر لیاقت حسین کی نماز جنازہ آج 10 جون کو بعد نماز جمعہ دوپہر 2 بجے جامع مسجد عبداللہ شاہ غازی کلفٹن پر ادا کی جائے گی اور وہیں مزار کے احاطے میں ان کی تدفین ہوگی۔
سیدہ بشریٰ نے مزید کہا کہ آپ سب سے دعائے مغفرت کی درخواست ہے ، اللہ پاک مرحوم کے درجات بلند فرمائے ، آمین۔
خیال رہے کہ ممتاز ٹی وی اینکر، مقرر اور ایم این اے عامر لیاقت گزشتہ روز اپنے کمرے میں بے ہوش پائے گئے،ملازمین کی اطلاع پر عامر لیاقت کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کی گئی۔
ملازمین کا کہنا تھا کہ بدھ کی رات عامر لیاقت کے دل میں تکلیف ہورہی تھی انہیں اسپتال جانے کا کہا لیکن انہوں نے انکار کردیا۔
ڈاکٹرز کے مطابق عامر لیاقت کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا۔