احمد عامر کی والد کی نماز جنازہ پڑھانے کی ویڈیو وائرل

معروف ٹی وی میزبان و  رکن قومی اسمبلی عامر  لیاقت حسین کے بیٹے احمد عامر  کی والد کی نمازِ جنازہ پڑھانے کی ویڈیو منظرِ عام پر  آئی ہے۔

عامر لیاقت حسین کی نمازِ جنازہ  10 جون کی شام  عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں ادا کی گئی، بعدازاں ان کی تدفین بھی وہیں کی گئی۔

تاہم عامر لیاقت کے بیٹے احمد نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی جس کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، ویڈیو میں کئی جذباتی مناظر دیکھے گئے جس میں دعا کے وقت احمد کو آبدیدہ ہوتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

احمد عامر کی نماز جنازہ پڑھائے جانے کی ویڈیو پر صارفین نے بڑی تعداد میں تبصرے کیے اور  عامر لیاقت کی مغفرت کی دعا بھی کی۔

واضح رہے کہ عامر لیاقت حسین 9 جون کو  اچانک انتقال کر گئے تھے جس کے بعد لندن میں مقیم ان کے صاحبزادے احمد عامر فوری طور پر پاکستان پہنچے تھے۔

پولیس قانونی تقاضوں کو بروئے کار لاتے ہوئے میت کا پوسٹ مارٹم کروانا چاہتی تھی لیکن عامر لیاقت کے دونوں بچوں دعا اور احمد نے پوسٹ مارٹم کروانے سے منع کردیا، اہلخانہ کے انکار کے باوجود پولیس نہ مانی جس پر مرحوم کے اہلخانہ نے مقامی عدالت سے رابطہ کیا، بعدازاں عدالت نے عامر لیاقت کی میت کا صرف بیرونی جائزہ لینے کا حکم دیا۔

مزید خبریں :