11 جون ، 2022
وزیراعظم شہباز شریف کی تجویز پر قومی اسمبلی کے اجلاس میں ناموس رسالت ﷺ کے معاملے پر بحث کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پیر کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں ناموس رسالت ﷺ کے معاملے پر بحث کرانے کی درخواست کی۔
اپنے بیان میں شہباز شریف نے بی جے پی رہنماؤں کی ہرزہ سرائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے سوا ارب مسلمانوں کے دل کا خون کیا گیا جس پر مسلمان سراپا احتجاج ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آقائےکریم ﷺ سے ہماری عقیدت و محبت کے اس اہم اور نازک معاملے پر ایوان میں بحث کرائی جائے اور بھارت میں ہوئے اس قابل مذمت واقعے کے خلاف ایوان قرارداد منظور کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی سے منظور قرارداد سے بھارت سمیت پوری دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ آقائےکریم ﷺ کی حرمت کے لیے ہم ہر قربانی دینےکو تیار ہیں۔
اب اطلاعات ہیں کہ اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی میں ناموس رسالت ﷺ کے معاملے پر بحث کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پیرکو قومی اسمبلی اجلاس میں ایک گھنٹہ مختص کر دیا ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس میں بی جے پی رہنماؤں کے توہین آمیز بیانات کی مذمت کی جائے گی، اپوزیشن کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دے دی گئی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ سیاسی، جماعتی یا انفرادی نوعیت کا نہیں بلکہ ہمارے ایمان کا ہے، آئیں سب مل کر گستاخوں کے خلاف ایمان کا مظاہرہ کریں، قومی اسمبلی بی جے پی لیڈروں کے بیانات پر مذمتی قرارداد بھی منظور کرے گی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کی مرکزی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کی تھی اور توہین آمیز جملے کہے تھے جس پر پوری دنیا کے مسلمان سراپا احتجاج ہیں اور بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ بھی کیا جا رہا ہے۔