کھیل

ورلڈگیمز کیلئے پاکستانی کھلاڑیوں کو امریکی ویزے کے حصول میں دشواری کا سامنا

آئندہ ماہ ہونے والے ورلڈ گیمز میں شرکت کیلئے پاکستان کے اسنوکر اور جوجٹسو پلیئرز کو امریکی ویزوں کے حصول میں دشواری کا سامنا ہے— فوٹو: فائل
آئندہ ماہ ہونے والے ورلڈ گیمز میں شرکت کیلئے پاکستان کے اسنوکر اور جوجٹسو پلیئرز کو امریکی ویزوں کے حصول میں دشواری کا سامنا ہے— فوٹو: فائل

آئندہ ماہ ہونے والے ورلڈ گیمز میں شرکت کیلئے پاکستان کے اسنوکر اور  جوجٹسو   پلیئرز کو امریکی ویزوں کے حصول میں دشواری کا سامنا ہے۔

آئندہ ماہ گیمز ہونے ہیں، اسنوکر ٹیم کو ویزہ انٹرویو کیلئے ایک سال بعد کی تاریخ ملی ہے، جوجٹسو  ٹیم کو ویزہ کی تاریخ ہی نہ مل سکی۔ اسنوکر حکام نے معاملے میں مدد کیلئے  وزارت خارجہ سے رابطہ کرلیا ہے۔

ورلڈ گیمز آئندہ ماہ 7 سے 17 جولائی تک امریکی ریاست الاباما کے شہر  برمنگھم میں ہونے ہیں، ورلڈ گیمز میں ان کھیلوں کے مقابلے ہوتے ہیں جو اولمپکس کا حصہ نہیں ہوتے۔

اسنوکر میں امیچر ورلڈ چیمپئن شپ جیتنے والے احسن رمضان نے اس سال مارچ میں ایونٹ کیلئے کوالیفائی کیا جس کے بعد پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس اے) نے امریکی ویزہ کی درخواست جمع کرائی ۔ پی بی ایس اے کے مطابق کراچی میں امریکی قونصلیٹ نے انہیں ویزہ انٹرویو کیلئے ایک سال بعد کی تاریخ دی ہے اور ایونٹ ایک ماہ بعد ہے۔

اس سلسلے میں پی بی ایس اے نے وزارت خارجہ سے مدد کی درخواست کی ہے ۔ پی بی ایس اے کے چیئرمین عالمگیر شیخ نے جمعرات کو اسلام آباد میں وفاقی سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور ڈی جی امریکا مدثر ٹیپو سے ملاقات کی۔  وزارت خارجہ کے حکام نے پی بی ایس اے کو ویزے کے حصول میں مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔

دوسری جانب پاکستان جو جٹسو فیڈریشن کے حکام کا کہنا ہے کہ انہیں اب تک ویزہ انٹرویو کیلئے تاریخ ہی نہیں ملی۔ اسرا وسیم اور دلاور خان سنان کو ایونٹ میں شرکت کیلئے مارچ کے آخر میں تصدیق موصول ہوئی جس کے بعد ویزوں کیلئے اپلائی کردیا گیا تھا۔

فیڈریشن کے ایسوسی ایٹ سیکرٹری طارق علی کے مطابق اگر وقت پر ویزے نہیں ملے تو پاکستان ایونٹ میں شرکت سے محروم رہ جائے گا۔

مزید خبریں :