’دبئی جانے والے کہتی ہے گھر والی‘، بشریٰ انصاری کے گانے کی ویڈیو وائرل

کچھ یاد آیا کتنے سال پہلے یہ گیت گایا تھا اور سب کو بہت پسند آیا تھا، بشریٰ انصاری کا مداحوں سے سوال— فوٹو: اسکرین گریب
کچھ یاد آیا کتنے سال پہلے یہ گیت گایا تھا اور سب کو بہت پسند آیا تھا، بشریٰ انصاری کا مداحوں سے سوال— فوٹو: اسکرین گریب 

معروف اداکارہ و گلوکارہ بشریٰ انصاری کے گیت ‘تجھ کو قسم ہے میری نہ آنا ہاتھ خالی، دبئی جانے والے کہتی ہے گھر والی’ کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

بشریٰ انصاری نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے کئی برس پرانا گیت ‘دبئی جانے والے کہتی ہے گھر والی’ شیئر کیا۔

انہوں نے اپنی آواز میں گیت گا کر سنایا اور مداحوں سے پوچھا کہ کچھ یاد آیا کتنے سال پہلے یہ گیت گایا تھا اور سب کو بہت پسند آیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات سے بہت پرانے تعلقات ہیں، ہم سب کی اچھی اچھی یادیں ہیں اور بہت سے پاکستانیوں کا روزگار وہاں سے جڑا ہوا ہے۔ 

بشریٰ انصاری کا کہنا تھاکہ ’آج مجھے یاد آیا تو سوچا کہ آپ کے ساتھ مل کر یادوں کو تازہ کیا جائے‘۔

بشریٰ انصاری کا یہ گیت سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور کئی سوشل میڈیا صارفین نے پرانی یادوں کو تازہ کیا۔

خیال رہے کہ 1978 سے 1984 تک پاکستان ٹیلی ویژن پر آن ائیر ہونے والے مشہور ڈرامے ’ففٹی ففٹی‘ کیلئے یہ گیت بشریٰ انصاری نے گایا تھا جبکہ یہ ڈرامہ اپنے وقت کا سب سے زیادہ دیکھے جانے والا ڈرامہ ہے۔

اس ڈرامے کو انور مقصود نے لکھا اور اس کے ہدایتکار شعیب منصور ہیں۔

مزید خبریں :