'عامر لیاقت کے بچوں پر رحم کریں'، قبر کشائی کے فیصلے پر اداکاراؤں کا ردعمل

عامر لیاقت کو کوئی کیوں قتل کرے گا وہ تو پہلے ہی روز مررہے تھے، ہم سب انہیں ماررہے تھے: بشریٰ انصاری__فوٹو: انسٹاگرام
عامر لیاقت کو کوئی کیوں قتل کرے گا وہ تو پہلے ہی روز مررہے تھے، ہم سب انہیں ماررہے تھے: بشریٰ انصاری__فوٹو: انسٹاگرام

پاکستانی شوبز کی سینئر اداکاراؤں بشریٰ انصاری اور ریشم نے عامر لیاقت حسین کی قبر کشائی کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

بشریٰ انصاری نے انسٹاگرام پر ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے درخواست کی خدارا مرحوم کے بچوں پر رحم کریں، انہیں مزید اذیت میں مبتلا نہ کریں۔

بشریٰ انصاری نے کہا کہ 'ہم سب بہت تکلیف میں ہیں، پچھلا پورا ہفتہ ہم نے دکھ میں گزارا، عامر لیاقت کا یوں دنیا سے جانا ناصرف ان کے دوستوں بلکہ دشمنوں کو بھی دکھی کرگیا، یوں تو ہر کسی کے جانے کا دن مقرر ہے، ہوسکتا ہے وہ ویسے ہی دنیا سے چلے جاتے لیکن اب جس طرح وہ گئے ہیں خدا کرے ایسا کسی دشمن کے ساتھ بھی نہ ہو'۔

اداکارہ نے کہا کہ 'سب کہتے ہیں ان کی غلطیاں ہیں لیکن سوشل میڈیا نے ان کی غلطیوں کو اجاگر کیا، میں سمجھتی ہوں سوشل میڈیا ان بلاؤں میں سے ایک ہے جن کا قرآن میں ذکر ہے، سوشل میڈیا لوگوں کی زندگیاں برباد کرتا ہے'۔

قبر کشائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے کہا کہ 'خدارا اسے اب بخش دیں، ایک عام شہری نے محض شہرت کے لیے پوسٹ مارٹم کی درخواست دائر کردی، پہلی بات یہ کہ عامر لیاقت کو کوئی کیوں قتل کرے گا وہ تو پہلے ہی روز مررہے تھے، ہم سب انہیں ماررہے تھے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'میری مجسٹریٹ سے درخواست ہے کہ اس عام شہری کو ایک طرف کریں اور ان کے اہلخانہ اور بچوں کی بات سنیں کیونکہ اس وقت سب سے زیادہ وہ ہی متاثر ہیں، ابھی تو ان کے بچوں کو بہت کچھ فیس کرنا ہے لہٰذا ان پر رحم کریں'۔

دوسری جانب اداکارہ ریشم کا کہنا ہے کہ سپرد خاک کے بعد قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم قبیح عمل ہے، اللہ تعالیٰ عامر لیاقت کے درجات بلند کرے۔

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب


مزید خبریں :

Notification Management


پاکستان
دنیا
کاروبار
کھیل
انٹرٹینمنٹ
صحت و سائنس
دلچسپ و عجیب

ڈیسک ٹاپ نوٹیفکیشن کے لیے سبسکرائب کریں
Powered by IMM