21 جون ، 2022
وزیراعظم شہباز شریف کاکہنا ہے کہ اگلے مالی سال میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر 5 ضروری اشیاء پر سبسڈی جاری رکھنےکا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرِ صدارت یوٹیلیٹی اسٹورز سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں غریب اور پسماندہ طبقے کیلئے ریلیف کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر 5 بنیادی اشیائے ضروریہ کم نرخوں پر فراہم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ سبسڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے پورے ملک میں غریب اور پسماندہ طبقے کو فراہم کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق آٹا، چینی، گھی، خوردنی تیل، دالوں اور چاول کی کم نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے کراچی میں یوٹیلیٹی اسٹورز کے نیٹ ورک میں تو سیع کی بھی منظوری دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ کراچی میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی کم تعداد کسی طور منظور نہیں، کراچی میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی تعداد بڑھانےکا جامع منصوبہ دو ہفتے میں پیش کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم ایک شفاف، مؤثر اور ڈیجیٹل نظام پر کام کر رہے ہیں، اس ڈیجیٹل نظام کے ذریعےمختلف سبسڈیز کو ایک چھتری کے نیچے لایا جائے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے نیٹ ورک میں توسیع کیلئے 2 ہفتوں میں پلان بنانے ہدایت کی ہے، کراچی میں بھی یوٹیلیٹی اسٹورز کے نیٹ ورک میں توسیع کیلئے پلان دینےکا کہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ خزانہ، صنعت اور تخفیف غربت کی وزارتیں مل کر نظام میں اصلاحات پر کام کریں گی۔