Time 21 جون ، 2022
پاکستان

عمران خان کا نیب ترامیم اِسی ہفتے سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان

نیب ترامیم سے 1100 ارب روپے یہ لوگ کھاجائیں گے، نیب ترامیم سے یہ لوگ نہیں، تمام بڑے لوگ جو منی لانڈرنگ کرتے ہیں، بچ جائیں گے، عمران خان— فوٹو: پی ٹی آئی
نیب ترامیم سے 1100 ارب روپے یہ لوگ کھاجائیں گے، نیب ترامیم سے یہ لوگ نہیں، تمام بڑے لوگ جو منی لانڈرنگ کرتے ہیں، بچ جائیں گے، عمران خان— فوٹو: پی ٹی آئی

عمران خان نے اتحادی حکومت کی طرف سے منظور کردہ قومی احتساب بیورو (نیب) ترامیم  اِسی ہفتے سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

اپنے ویڈیو بیان میں عمران خان نے کہا کہ نیب قوانین میں ترامیم ملک کی توہین ہے، ترامیم منظور کرنے والوں کو جیل میں ڈال دینا چاہیے، اگر ملک کو ترقی کرنا ہے تو انصاف کی حکمرانی ضروری ہے، جس ملک میں انصاف نہیں وہ ملک کبھی بھی ترقی نہیں کرسکتا، جب تک ملک میں بڑے بڑے مجرموں کوقانون کےنیچے نہیں لاتے، ملک آگےنہیں بڑھ سکتا۔

عمران خان نے کہا کہ اسمبلی میں جو کچھ ہوا ہے وہ ملک کے ساتھ مذاق تھا، توہین کی گئی، نیب ترامیم پاس کرنے والوں کو بے شرمی پر جیل میں ڈال دینا چاہیے، شہباز شریف اوران کے بچوں پر 24ارب روپے کےکیسز ہیں،قانون اجتماعی ہوتا ہے، انفرادی نہیں، اومنی گروپ آصف زرداری سے متعلق تھا ، میری آمدنی اگر 100 روپے ہے اور اثاثے 200 روپے ہیں تو مجھے بتانا پڑے گا، دنیا میں وائٹ کالر کرائم  پکڑنا بہت مشکل ہے۔

انہوں نے کہا کہ لندن میں چار فلیٹس کی اصل مالک مریم نواز تھیں، انہوں نے منی لانڈرنگ کے کیسز  نیب سے نکال کر ایف آئی اے کےحوالے کردیے ہیں، نیب اور ایف آئی اے نئے قوانین کے تحت وزیرداخلہ کےماتحت ہوجائےگی،پوری دنیا میں ایسا قانون نہیں ہے جو اس حکومت نے بنا دیاہے۔

عمران خان نے کہا کہ انہوں نے مجھے ہر موقع پربلیک میل کیا ، فیٹف پر قانون سازی پر ہم سے این آر او لینے کی بھر پور کوشش کی گئی، ہم نے این آر او نہیں دیا تو انہوں نے بلیک میل کرنے کی کوشش کی، ان لوگوں نے فیٹف قانون سازی کے وقت پارلیمنٹ سے واک آؤٹ کیا۔

انہوں نے کہا کہ نیب ترامیم کےتحت اجازت دی جارہی ہے کوئی بے نامی جائیداد بنائے تو کوئی  پوچھ نہیں سکتا، حدیبیہ پیپرز ملز  کا کیس شریف فیملی کےخلاف اوپن اینڈ شٹ کیس تھا، پرویز  مشرف نے شریف فیملی کو این آر اودیا،مشرف کے دیے گئے این آر او کی وجہ سے ان کے پیسے بچے، سوئس عدالت میں کیس جیتے تو اس رقم کو لینے کیلئے خط ہی نہیں لکھا گیا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ نیب ترامیم سے 1100 ارب  روپے یہ لوگ کھاجائیں گے، نیب ترامیم سے یہ لوگ نہیں، تمام بڑے لوگ جو منی لانڈرنگ کرتے ہیں،  بچ جائیں گے، ہم تو پوری طرح ان کےخلاف لڑیں گے، ساڑھے 3 سال مجھ پر ہر قسم کا پریشر ڈالا گیا، میں نے این آر او نہیں دیا، یہ ترامیم چوری کا لائسنس ہیں، میں ان کیخلاف پوری جدو جہد کروں گا، پیسہ چوری کرنا پہلا نقصان پھر ڈالر لے کر ہنڈی کے ذریعے باہر بھجوانا دوسرا نقصان ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو کہنا چاہتا ہوں یہ جہاد ہے،ہم ان کے خلاف لڑیں گے، ہماری معیشت تباہی کی طرف جارہی ہے، روپیہ گرتاجارہا ہے،یہ پاکستان کو سری لنکا کی طرح لے کر جارہے ہیں، اپنی چوری بچانے کیلئے انہوں نے خود کو لائسنس دیا ہے، جن جن لوگوں نے ان لوگوں کو ہم پر مسلط کیا تاریخ کبھی معاف نہیں کریگی۔

مزید خبریں :