دنیا
Time 24 جون ، 2022

یونانی سرکاری ٹی وی پر پیٹرول چرانے کے طریقے بتانے پر شہری انتظامیہ پر برس پڑے

یونان میں اس وقت ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت 2.37 یورو ہے / رائٹرز فوٹو
یونان میں اس وقت ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت 2.37 یورو ہے / رائٹرز فوٹو

یونان کا سرکاری ٹی وی چینل اس وقت لوگوں کی تنقید کا نشانہ بن گیا جب ایک پروگرام میں دکھایا گیا کہ ایک پائپ سے کسی کی گاڑی سے پیٹرول کو کیسے نکالا جاسکتا ہے۔

یہ پروگرام اس وقت نشر ہوا جب یونان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

ای آر ٹی نامی چینل میں 22 جون کو مارننگ شو میں رپورٹر نے بتایا کہ یہ بہت زیادہ مشکل کام نہیں، درحقیقت آپ کو تو کسی خصوصی ٹیوب کی بھی ضرورت نہیں، ایک عام پائپ سے بھی ایسا کیا جاسکتا ہے۔

گاڑی سے پیٹرول کو نکالنے کے طریقہ کار کا مظاہرہ کرنے کے بعد ایک مکینک نے ان جگہوں کی نشاندہی بھی کی جہاں سے گاڑی کے پیٹرول ٹینک سے ایندھن کو 'چرایا' جاسکتا ہے۔

اس پروگرام پر لوگوں نے سوشل میڈیا نیٹ ورک ٹوئٹر پر بہت زیادہ تنقید کی۔

ایک صارف نے کہا کہ کیا آپ لوگ پاگل ہوگئے ہیں جو لوگوں کو پیٹرول چرانے کے طریقے بتا رہے ہیں۔

ایک اورصارف نے کہا کہ پیٹرول کو آسانی سے چرانے کے 2 طریقوں کے بعد اب ای آر ٹی کی جانب سے یہ سکھایا جائے گا کہ کس طرح تالوں کو کھولا جاسکتا ہے اور بٹوے چرائے جاسکتے ہیں۔

یونان کی ایک ویب سائٹ پر اس ویڈیو کو 23 جون تک ایک لاکھ 70 ہزار بار سے زیادہ دیکھا جاچکا تھا جبکہ ہزاروں افراد نے ٹوئٹر پر بھی اسے دیکھا۔

خیال رہے کہ یونان میں حالیہ مہینوں میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور اس وقت ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت2.37 یورو ہے۔ 

مزید خبریں :