Time 24 جون ، 2022
پاکستان

عامر لیاقت کی خالی نشست پر الیکشن، فاروق ستار نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرادیے

31 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، فاروق ستار کو اسی نشست پر 2018 میں عامر لیاقت کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی— فوٹو: فائل
 31 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، فاروق ستار کو اسی نشست پر 2018 میں عامر لیاقت کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی— فوٹو: فائل

کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے نامزدگی فارم جمع کرانے کا وقت ختم ہوگیا۔

ضمنی انتخاب کیلئے 2 دن میں 31 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، فارم جمع کرانے والوں میں سے 27 کا تعلق سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے ہے، 4 آزاد امیدواروں نے بھی نامزدگی فارم جمع کرائے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف  کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے انتقال پر خالی ہونے والی نشست پر 31 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے  ہیں۔

امیدواروں کی ابتدائی فہرست 25 جون کو جاری ہوگی جبکہ 27 جون تک کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے گی، این اے 245 پر ضمنی انتخاب کیلئے 27 جولائی کو پولنگ ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے 5 امیدوار، پیپلز پارٹی کے 4، پی ٹی آئی کی طرف سے 4، ٹی ایل پی کے 3، ن لیگ کے 2 جبکہ پی ایس پی کے بھی تین امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

اس کے علاوہ مہاجر قومی موومنٹ، آل پاکستان مسلم لیگ، پاکستان مسلم الائنس کے ایک ایک امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق جے یو آئی کے 2 ، عام لوگ اتحاد پارٹی کے ایک امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے اپنے کاغذات جمع کروائے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار کو اسی نشست پر 2018 کے عام انتخابات میں عامر لیاقت کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

دوسری جانب ریٹرننگ آفیسر سید ندیم حیدر کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخاب کے سلسلے میں اس بار سکیورٹی کی منصوبہ بندی پہلے سے کر لی ہے اور سکیورٹی کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

مزید خبریں :