Time 27 جون ، 2022
پاکستان

جولائی میں لوڈشیڈنگ مزید بڑھے گی: وزیراعظم نے خدشہ ظاہر کردیا

جولائی کیلئے گیس کے جہاز نہیں ملے مگر ہم کوشش کر رہے ہیں، آئی ایم ایف سے جلد معاہدہ ہوجائے گا، شہباز شریف— فوٹو: فائل
جولائی کیلئے گیس کے جہاز نہیں ملے مگر ہم کوشش کر رہے ہیں، آئی ایم ایف سے جلد معاہدہ ہوجائے گا، شہباز شریف— فوٹو: فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے جولائی کے مہینے میں لوڈ شیڈنگ مزید بڑھنے کا اشارہ دے دیا۔

اتحادی جماعتوں کے ارکان قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ  عوام مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں، صاحب ثروت افراد سے 200 ارب روپے سے زائد جمع ہونے کی توقع ہے،پاکستان دیوالیہ ہونے سے بچ گیا ہے، بہت جلد عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدہ ہونے والا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کی سخت شرائط کو پی ٹی آئی حکومت نے مان لیا تھا، ممکن ہے جولائی میں لوڈشیڈنگ بڑھے، ہمیں جولائی کیلئے گیس کے جہاز نہیں ملے مگر ہم کوشش کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں کوئلہ بہت مہنگا ہو چکا ہے،  پاکستان کے اربوں ڈالر کوئلے کی درآمد پر خرچ ہوتے ہیں، افغانستان سے انشااللہ کوئلہ آنا شروع ہو گا، افغانستان سے کوئلے کی درآمد سے 2 ارب ڈالر کے قریب بچیں گے، افغانستان سے کوئلہ ڈالر میں نہیں روپے میں خریدیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چیلنجز  آئیں گے لیکن  ہم آگے بڑھتے رہیں گے اور مسائل حل ہوں گے، دوست ممالک سے تکنیکی مدد، سرمایہ کاری اور تجارت کریں گے، کشکول کا زمانہ ختم ہوگا، نیا زمانہ آئے گا، اتحادی حکومت ضرور  تبدیلی لے کر آئے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ خواجہ آصف کی سربراہی میں افغانستان سے کوئلہ درآمد کرنے کیلئے کمیٹی بنائی ہے۔

مزید خبریں :