خاتون کا اسلام آباد ائیرپورٹ پرگُم ہونیوالا سامان 3 سال بعد مل گیا

2018 میں میرا لیپ ٹاپ بیگ اسلام آباد ائیرپورٹ پر کھو گیا جس میں میرا آئی پیڈ، کنڈل اور ہارڈ ڈسک جیسا قیمتی سامان تھا: خاتون—فوٹو: اے ایف پی/فائل
2018 میں میرا لیپ ٹاپ بیگ اسلام آباد ائیرپورٹ پر کھو گیا جس میں میرا آئی پیڈ، کنڈل اور ہارڈ ڈسک جیسا قیمتی سامان تھا: خاتون—فوٹو: اے ایف پی/فائل

گمشدہ سامان اگر کچھ دن بعد مل جائے تو کوئی بھی شخص خوشی سے پھولے نہ سمائے لیکن اگر قیمتی سامان 3 سال بعد ملے تو آپ سوچ سکتے ہیں کہ اس شخص کو کس قدر خوشی ہوگی۔

جی ہاں! ایسا ہی کچھ ناممکن سا واقعہ پاکستانی خاتون خدیجہ کے ساتھ گزشتہ برس پیش آیا جس کی تفصیل انہوں نے رواں ماہ اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی جو کہ اب سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

10 ہزار سے زائد فولوورز والی خدیجہ نے اپنی کہانی بتائی کہ 'میرے ساتھ ایک عجیب واقعہ ہوا جس کا تذکرہ اب تک میں نے ٹوئٹر پر نہیں کیا تھا، 2018 میں میرا لیپ ٹاپ بیگ اسلام آباد ائیرپورٹ پر کھوگیا جس میں آئی پیڈ، کنڈل اور ہارڈ ڈسک جیسا قیمتی سامان تھا، اس وقت میری کافی بری حالت تھی لیکن کسی طرح میں یہ سب بھول گئی'۔

خدیجہ کے مطابق 3 سال بعد 2021 میں مجھے جہلم کے ایک موبائلز کی دکان کے مالک کی کال موصول ہوئی، جو دعویٰ کررہا تھا کہ اسے میرا سامان ملا ہے، پہلے تو مجھے سمجھ نہیں آیا کہ وہ کس بارے میں بات کر رہا ہے لیکن پھر مجھے یاد آیا کہ میرا سامان کھوگیا تھا۔

خاتون نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ 'اس شخص نے مجھے میرے سامان کی تصویر بھیجی اور میری حیرانی کی انتہا نہ رہی کہ بیگ میں ساری چیزیں ویسے ہی رکھی تھیں۔ '

خدیجہ کے مطابق کوئی شخص اس آدمی کے پاس یہ سارا سامان فروخت کرنے آیا تھا جس کے بعد انہیں احساس ہوا کہ یہ سارا مال چوری کا ہے، بعدازاں اس شخص نے ہارڈ ڈسک سے میرا نمبر نکالا اور مجھ سے رابطہ کیا۔

خاتون نے اس شخص کی ایمانداری پر ان کی تعریف بھی کی اور ساتھ ہی ان سے چیٹ کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا۔


مزید خبریں :