29 جون ، 2022
قومی اسمبلی نے پیٹرولیم لیوی کی مد میں مرحلہ وار 50 روپے اضافےکی منظوری دے دی۔
اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں فنانس بل 2022- 23 کی منظوری کی تحریک پیش کی گئی۔
وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے آئندہ مالی سال میں مرحلہ وار بنیادوں پر پیٹرولیم لیوی ٹیکس میں 50 روپے اضافے کی ایوان سے منظوری مانگی، ایوان نے پیٹرولیم مصنوعات پر 50 روپے فی لیٹر لیوی عائدکرنےکی ترمیم منظورکرلی۔
عائشہ غوث پاشا کا کہنا تھا کہ ہم ایسے ٹیکس لائے ہیں جو صاحب ثروت لوگوں پر لگیں گے،ہم نے یہ اس لیےکیا کہ عام آدمی پر بوجھ نہ پڑے، ہم نےجوتبدیلیاں کیں وہ پچھلی حکومت نےآئی ایم ایف سےطےکی تھیں، ہم صرف اپنے وعدوں کی پاسداری کر رہے ہیں۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ اس وقت پیٹرولیم مصنوعات پرلیوی صفر ہے، پچاس روپے فی لیٹر لیوی یکمشت عائد نہیں کی جائےگی، پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی لگانےکا اختیار قومی اسمبلی نے حکومت کو دے رکھا ہے۔