کراچی میں تیز بارش کب سے ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

کراچی میں آج اور کل مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور صبح اور رات ہلکی بارش کا امکان ہے: محکمہ موسمیات/ فائل فوٹو
کراچی میں آج اور کل مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور صبح اور رات ہلکی بارش کا امکان ہے: محکمہ موسمیات/ فائل فوٹو

کراچی: محکمہ  موسمیات نے شہر  میں 2 جولائی سے تیز بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز  نے جیو نیوز  سے گفتگو میں بتایا کہ کراچی میں آج اور کل مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور صبح اور رات ہلکی بارش کا امکان ہے۔

سردار سرفراز کے مطابق مون سون کے پہلے اسپیل کی شدت سندھ میں زیادہ رہے گی البتہ کراچی میں 2 جولائی کی شام یا رات سے وقفے وقفے سے تیز بارش کا امکان ہے  جب کہ بارش سے قبل آندھی بھی چل سکتی ہے جس دوران ہوا کی رفتار 81 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہوسکتی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کاکہنا تھا کہ اگر مون سون سسٹم کراچی کو چھوتا ہوا گزرا تو 50 سے 70 ملی میٹر بارش متوقع ہے جب کہ  مون سون سسٹم کا مرکز اگر کراچی سے گزرا تو 100 ملی میٹر سے زائد بارش ہوسکتی ہے جس سے اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ نے ماہی گیروں کو 3 سے 5 جولائی کے دوران طغیانی کے باعث سمندر میں نہ جانے کی ہدایت جاری کی  ہے۔

سردار سرفراز نے مزید بتایا کہ خلیج بنگال اوربحیرہ عرب سےنم ہوائیں گزشتہ رات سیالکوٹ اور نارووال میں داخل ہوئیں، آج یہ ہوائیں مزید شدت کےساتھ ملک کے بالائی علاقے میں داخل ہوں گی جب کہ 2 جولائی سے یہ ہوائیں مشرقی سندھ پر اثرانداز ہوں گی۔

مزید خبریں :