کھیل
Time 30 جون ، 2022

مینز سینٹرل کانٹریکٹ کا اعلان، کون کس کیٹیگری کا حصہ بنا؟

ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 7 کھلاڑی ایمرجنگ کیٹیگری کا حصہ بنے ہیں/ فائل فوٹو
ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 7 کھلاڑی ایمرجنگ کیٹیگری کا حصہ بنے ہیں/ فائل فوٹو

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے مینز سینٹرل کانٹریکٹ برائے 23-2022 کا اعلان کردیا۔

نئے کانٹریکٹ کے مطابق ریڈ اور وائٹ بال کیٹیگریز میں مجموعی طور پر 33 کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں جب کہ  کپتان سمیت 5 کھلاڑیوں کو ریڈ اور وائٹ بال دونوں فارمیٹ کے کانٹریکٹ مل گئے ہیں۔

 10 کھلاڑیوں کو صرف ریڈ بال اور11 کھلاڑیوں کو صرف وائٹ بال کا کانٹریکٹ ملا ہے۔

اس کے علاوہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 7 کھلاڑی ایمرجنگ کیٹیگری کا حصہ بنے ہیں۔ 

کون سا کھلاڑی کس کیٹیگری میں شامل ہوا؟

بابراعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی ریڈ بال اور وائٹ بال دونوں طرز کی کرکٹ کے کانٹریکٹ کی اے کیٹیگریز میں شامل ہیں۔

حسن علی ریڈ بال میں بی اور وائٹ بال میں سی کیٹیگری کا حصہ بنے ہیں جب کہ امام الحق کو ریڈ بال میں سی اور وائٹ بال میں بی کیٹیگری ملی ہے۔

فوٹو: پی سی بی
فوٹو: پی سی بی

بیٹر اظہر علی ریڈ بال کانٹریکٹ کی اے اور فواد عالم بی کیٹیگری میں شامل ہیں جب کہ عبداللہ شفیق، نسیم شاہ اور نعمان علی ریڈ بال کی سی کیٹیگری کا حصہ ہیں۔

ڈی کیٹیگری میں عابد علی، سرفراز احمد، سعود شکیل، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں جب کہ  فخر زمان اور شاداب خان وائٹ بال کانٹریکٹ کی کیٹیگری اے میں شامل ہیں،  فاسٹ بولر حارث رؤف بی اور محمد نواز کیٹیگری سی کا حصہ ہیں۔

آصف علی، حیدر علی، خوشدل شاہ، محمد وسیم جونیئر، شاہنواز دھانی، زاہد محمود اور عثمان قادر کیٹیگری ڈی میں شامل کیے گئے ہیں۔ 

علی عثمان، حسیب اللہ، کامران غلام، محمد حارث، محمد حریرہ، قاسم اکرم اور سلمان علی آغا ایمرجنگ کانٹریکٹ کا حصہ بن گئے۔

مزید خبریں :