30 جون ، 2022
سعودی حکام نے بغیر اجازت حج ادا کرنے والوں پر جرمانے لگانے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق حج سے متعلق پبلک سکیورٹی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ کوئی بھی شخص بغیر اجازت کے حج کی ادائیگی کی کوشش کرے گا تو اس پر 10 ہزار سعودی ریال جرمانہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص کو حج کی ادائیگی کے لیے متعلقہ حکام سے اجازت لینا ہوگی اور حج سے متعلق ہدایات پر مکمل عملدرآمد کرنا ہوگا۔
ترجمان نے تمام شہریوں سے حج سے متعلق ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی اپیل کی۔
اس کے علاوہ ترجمان نے اس ضمن میں سکیورٹی اہلکاروں کو بھی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اہلکار حج قوانین کی خلاف ورزی روکنے کے لیے پوائنٹس، مقدس مقامات اور مسجد الحرام میں اپنی ڈیوٹی درست طریقے سے انجام دیں۔
حج سے متعلق فراڈ پر 19 افراد گرفتار
دوسری جانب سعودی عرب میں حج سے متعلق فراڈ پر 19 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ حج سے متعلق فراڈ کرنے والوں میں 2 سعودی شہری اور 17 غیر ملکی شامل ہیں۔
حکام کاکہنا ہےکہ ان افراد نے حج پر آنے والوں سے قربانی، ٹرانسپورٹیشن اور دیگر سہولیات کی فراہمی کی مد میں فراڈ کیا جنہیں گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔