انٹرٹینمنٹ

کھابے لامے: ایک معمولی سا فیکٹری ملازم ‘اسٹار’ کیسے بنا؟

کورونا وائرس نے جہاں دنیا بھر میں لوگوں کے روزگار چھین لیے وہیں ایک ایسا خوش نصیب بھی موجود ہے جو اس وبا کے دوران شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گیا۔

وہ 139 ملین سے زائد فالوورز کے ساتھ تیزی سے ترقی کرنے والے ٹک ٹاکر بن چکے ہیں۔ ایک مسلم گھرانے سے تعلق رکھنے والے اٹلی کے رہائشی کھابے کے فالوورز کا تعلق کسی مخصوص ملک سے نہیں بلکہ دنیا بھر کے لوگ انہیں فالو کررہے ہیں۔

آج کا مقبول ترین ٹک ٹاک اسٹار 2 سال قبل کون تھا؟ 

ایک متوسط گھرانے سے تعلق رکھنے والے کھابے لامے زندگی کی بنیادی ضروریات کو  پورا کرنے کے لیے 2 معمولی نوکریاں کرتے تھے۔ وہ ایک ریسٹورنٹ میں ویٹر کی ذمے داریاں سنبھالے ہوئے تھے جبکہ اسی دوران انہوں نے فیکٹری میں بھی ملازمت شروع کردی۔

22 سالہ کھابے کی ماہانہ آمدن کی بات کی جائے تو وہ دن رات محنت کے بعد بھی صرف 1000 ڈالرز ماہانہ کما پاتے جو شاید بنیادی ضروریات کو  پورا کرنے کے لیے ناکافی تھے۔

عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران لاک ڈاؤن کے باعث انہیں اپنی دونوں نوکریوں سے ہاتھ دھونا پڑا۔

ملازمتوں سے فارغ ہونے والے کھابے نے سوشل میڈیا پر انٹری ماری اور وہاں اپنی مزاحیہ ویڈیوز اپ لوڈ کرنا شروع کردیں۔ ان کی ویڈیوز بہت ہی سادہ ہوتیں جس میں وہ مشکل کاموں کو مزاحیہ انداز میں آسانی کے ساتھ کرتے دکھائی دیتے۔

ٹک ٹاک پر کھابے کی پہلی ویڈیو کو صرف  2 لوگوں نے دیکھا جس میں ایک ان کے والد اور دوسرا ان کا پڑوسی تھا۔ انہیں اپنی ویڈیوز  پر ایک مہینے میں صرف 9 ویوز موصول ہوئے جبکہ وہ اتنی محنت کے بعد صرف 2 سبسکرائبرز ہی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے لیکن انہوں نے اس بات کی بالکل پرواہ نہیں کی اور اپنی محنت کو جاری و ساری رکھا۔

منفرد بات یہ ہے کہ وہ اپنی زیادہ تر ویڈیوز میں کبھی بولتے ہوئے دکھائی نہیں دیے۔ کھابے کی ویڈیوز جسمانی حرکات پر مشتمل ہوتیں، یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں موجود ہر زبان سے تعلق رکھنے والے افراد ان کی ویڈیوز کو سمجھ سکتے اور مسکرا سکتے تھے۔

آہستہ آہستہ لوگوں نے ان کے کام کو پسند کرنا شروع کیا اور ویڈیوز پر شیئرنگ کی تعداد بڑھنے لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر ان کے فالوورز کی لائن لگ گئی۔

کھابے کو شہرت ملنے کے بعد بڑی بڑی کمپنیز نے ان سے رابطے میں آنے کی کوششیں تیز کردیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں کھابے لامے کو ایک مشہور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں بھی مدعو کیا گیا تھا، کھابے اور ایک انٹرنیشنل فیشن برینڈ کے درمیان معاہدہ بھی طے پایا ہے۔ 

گزشتہ دنوں کھابے ٹک ٹاک پر سر فہرست رہنے والی خاتون ٹک ٹاکر چارلی کو پیچھے چھوڑ کر پہلی پوزیشن پر براجمان ہوگئے ہیں۔

کھابے لامے: ایک معمولی سا فیکٹری ملازم ‘اسٹار’ کیسے بنا؟

2 سال پہلے تک کھابے کو کوئی نہیں جانتا تھا لیکن آج دنیا کے ہر کونے میں ان کا چرچا ہے۔ اب وہ ایک ایسی شاہانہ زندگی گزار رہے ہیں جو شاید پہلے صرف ان کا خواب تھی۔

مزید خبریں :