کھیل
Time 01 جولائی ، 2022

پی سی بی نے ویمنز کرکٹ ٹیم کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا

فوٹو: پی سی بی
فوٹو: پی سی بی 

پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) نے سیزن 23-2022 کے لیے ویمنزکرکٹ ٹیم کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا ہے۔ 

پی سی بی کے مطابق اعلان کردہ کنٹریکٹ میں مجموعی طور پر 20 خواتین کرکٹرزکو شامل کیا گیا ہے۔ کنٹریکٹ میں 8 کھلاڑیوں کو ترقی جبکہ 3 ، طوبہٰ حسن، گل فیروزہ اور صدف شمس کو پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

سیزن 22-2021 میں عمدہ کارکردگی کی بدولت سدرہ امین، غلام فاطمہ اور ارم جاوید کو دوبارہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

مئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ویمن پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ جیتنے والی 21 سالہ طوبہٰ حسن کو سینٹرل کنٹریکٹ کی ڈی کیٹیگری کا حصہ بنایا گیا ہے۔

طوبہٰ حسن کا کہنا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ ملنے پر بہت خوش ہیں۔ آخر کار انہیں اپنی سخت محنت کا صلہ ملنا شروع ہوگیا ہے ۔ ان کی تمام تر توجہ میدان میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے پر مرکوز ہے، وہ اب اپنی محنت دوگنی کردیں گی۔

سینٹرل کنٹریکٹ میں ترقی پانے والی کھلاڑیوں میں ندا ڈار اور عالیہ ریاض کو کپتان بسمہ معروف کے ہمراہ اے کیٹیگری کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اسی طرح انعم امین، فاطمہ ثناء، نشرہ سندھو اور عمائمہ سہیل کو بی کیٹیگری میں شامل کر لیا گیا ہےجبکہ منیبہ علی اور عائشہ نسیم کو کیٹیگری سی کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ سیزن 22-2021 میں قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے پر جویریہ خان کو سی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

چیئرآف ویمنز سلیکشن کمیٹی اسماویہ اقبال کا کہنا ہے کہ 8 کھلاڑیوں کا ترقی اور 3 کا پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ پانا درحقیقت پاکستان خواتین کرکٹ کے درست سمت میں آگے بڑھنے کی نشاندہی کرتا ہے تاہم انہیں اب بھی بہت محنت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ سیزن 23-2022 میں جتنی زیادہ کرکٹ کھیلنے کو مل رہی ہے، وہ پرامید ہیں کہ اس سیزن کے اختتام پر پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم ایک مزید بہتر سائیڈ بن کر سامنے آئے گی۔

انہوں نے کہاکہ سینٹرل کنٹریکٹ نہ صرف کھلاڑیوں کی گزشتہ سیزن میں عمدہ کارکردگی کا صلہ ہوتا ہے بلکہ یہ انہیں آئندہ سیزن میں بھی مزید بہتر کھیل پیش کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔

ویمنز سینٹرل کنٹریکٹ برائے 23-2022:

فوٹو: پی سی بی
فوٹو: پی سی بی 

کیٹیگری اے : بسمہ معروف، ندا ڈار اور عالیہ ریاض شامل ہیں۔

کیٹیگری بی: انعم امین، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، نشرہ سندھو اور عمائمہ سہیل شامل ہیں۔

کیٹیگری سی: عائشہ نسیم، منیبہ علی، جویریہ خان، سدرہ امین اور سدرہ نواز شامل ہیں۔

کیٹیگری ڈی: غلام فاطمہ، گل فیروزہ، ارم جاوید، کائنات امتیاز، سعدیہ اقبال، صدف شمس اور طوبہٰ حسن شامل ہیں۔

مزید خبریں :