Time 02 جولائی ، 2022
پاکستان

عدالتی حکم پر دعا کا کراچی میں دوبارہ میڈیکل، والدین بھی طلب

پولیس نے دعا زہرا کو سروسز اسپتال میں میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کیا /ذرائع/ فائل فوٹو
پولیس نے دعا زہرا کو سروسز اسپتال میں میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کیا /ذرائع/ فائل فوٹو

پولیس  کی خصوصی ٹیم عدالتی حکم پر میڈیکل کرانے کے لیے دعا زہرا کو کراچی لے آئی۔

پولیس کے مطابق خصوصی ٹیم دعا زہرا کو لے کر لاہور سے کراچی پہنچی جہاں  اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے دعا کو  اپنی تحویل میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے دعا زہرا کو سروسز اسپتال میں  میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کیا جہاں دعا کے ایکسرے اور مختلف ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد پولیس دعا کو لے کر ڈاؤ ڈینٹل اسپتال روانہ ہوگئی جہاں لڑکی کے دانتوں کا معائنہ کیا جائےگا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ ڈینٹل اسپتال سے دعا زہرا کو دوبارہ سروسز اسپتال لایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق دعا زہرا کے ٹیسٹ کی رپورٹس تین سے چار روز میں آئیں گی۔

میڈیکل بورڈ نے دعا کی والدہ کو طلب کیا جس پر وہ بورڈ کے سامنے پیش ہوگئیں جہاں بورڈ ارکان نے ان سے دعا کی زندگی سے متعلق سوالات  کیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل بورڈ نے دعا زہرا کے والد اور وکیل کو بھی طلب کیا ہے۔

کراچی کی مقامی عدالت نے 25 جون کو جاری کیے جانے والے فیصلے میں دعا زہرا کے میڈیکل کے لیے بورڈ بنانے کا حکم دیا تھا جس کے بعد پولیس ٹیم دعا کو لینے لاہور پہنچی تھی۔

عدالت نے کہا تھا کہ کیس کی مزید تحقیقات اور میڈیکل بورڈ بنانےکا حکم دے دیتے ہیں، عمر کے تعین کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کے لیے سیکرٹری صحت کو لکھیں گے، سیکرٹری صحت میڈیکل بورڈ سے متعلق عدالت کو بھی آگاہ کریں، بچی کو یہاں لے کر آئیں یا وہاں میڈیکل کرائیں یہ پراسیکیوشن کا مسئلہ ہے۔


مزید خبریں :