بلاگ
Time 02 جولائی ، 2022

عظیم بابر اعظم - دی ریکارڈ بریکر!

خوبصورت کوور ڈرائیو ہو یا لاجواب اسٹریٹ ڈرائیو، شاندار پل شاٹ ہو حیران کن کٹ شاٹ بابر کو تقریباً ہر شاٹ میں مہارت حاصل ہے— فائل فوٹو
خوبصورت کوور ڈرائیو ہو یا لاجواب اسٹریٹ ڈرائیو، شاندار پل شاٹ ہو حیران کن کٹ شاٹ بابر کو تقریباً ہر شاٹ میں مہارت حاصل ہے— فائل فوٹو

ان دنوں بات ہو  اگر کرکٹ کی اور اس کھیل میں ٹوٹنے والے ریکارڈز کی تو ذہن میں پہلا نام پاکستانی کپتان اور  نمبر  ون بلے باز  بابر اعظم کا آتا ہے۔ بابر کے اعداد شمار حیران کن ہیں، خصوصاً ٹی ٹوئنٹی اور  ون ڈے فارمیٹ کی بات ہو تو گزشتہ دو تین سالوں سے بابر اعظم کی بادشاہت قائم ہے۔

خوبصورت کوور ڈرائیو ہو یا لاجواب اسٹریٹ ڈرائیو، شاندار پل شاٹ ہو حیران کن کٹ شاٹ بابر کو تقریباً ہر شاٹ میں مہارت حاصل ہے۔  مایاناز بھارتی کمینٹیٹر اور کرکٹ ایکسپرٹ ہرشا بوگلے نے بابر اعظم کے ساتھ انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ جب بابر سال 2010 میں انڈر 19 ورلڈ کپ میں کھیل رہے تھے تو وہاں موجود ہرشا کے دوست نے پیش گوئی کی تھی کہ "بابر ایک بڑا نام بنے گا"۔

پھر 2015 سے لے کر اب تک کئی کمینٹیٹرز بابر اعظم کو دنیا کے بہترین بلے بازوں میں شمار کرتے اور میچ کے دوران سنہرے الفاظ میں تعریف کرتے نظر آتے ہیں۔ کئی کمینٹیٹرز اور ایکسپرٹس کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ بابر جب کرکٹ کو خیر باد کہیں گے تو اس وقت ان کا شمار  پاکستان کی تاریخ کے عظیم بلے بازوں میں ہوگا۔

2019 میں جب بابر کو کپتانی سونپی گئی تو کئی کرکٹ ایکسپرٹس کا یہ ماننا تھا کہ کپتانی کی ذمہ داری بابر کی بیٹنگ پر اثر انداز ہوگی لیکن بابر نے انہیں غلط ثابت کیا اور کئی مواقعوں پر اپنے بلے اور کپتانی سے یہ ثابت کیا کہ وہ بہترین بلے باز ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین کپتان بھی ہیں۔

سوشل میڈیا پر اکثر کرکٹ فینز بابر اور کوہلی کے درمیان موازنہ کرتے نظر آتے ہیں۔ اس موضوع پر مختلف لوگ مختلف آراء رکھتے ہیں۔ اگرچہ اعداد و شمار میں کوہلی بابر سے کئی قدم آگے ہیں لیکن گذشتہ 2 سالوں میں بابر کے بلے سے اگلتے ہر رنز نے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ کوہلی کوہلی ہے تو بابر بھی بابر اعظم ہے۔

بابر کے سامنے رواں سال ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور اگلے سال ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ جیسے 2 اہداف ہیں۔ گذشتہ برس ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں فائنل فور میں جگہ بنا کر بابر نے یہ اعلان کردیا تھا کہ بابر الیون آئی سی سی ایونٹ جیتنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی میں رضوان جب کہ ون ڈے انٹرنیشنل میں امام الحق بطور پارٹنرز بابر کا بھرپور ساتھ دیتے ہیں۔  یوں ٹیم کی مجموعی اور بابر کی انفرادی پرفارمنس میں مزید نکھار آجاتا ہے۔ بابر اعظم نے ٹیم میں نیا جوش اور ولولہ پیدا کردیا ہے۔ اسی لیے ٹیم میں ہر کھلاڑی پر اعتماد اور پرفارم کرنے کے لیے بے تاب نظر آتا ہے۔ دعا یہی ہے کہ بابر اعظم بطور بیٹر اور بطور کپتان مزید ریکارڈز توڑتے رہیں اور چھائے رہیں۔ آمین!


جیو نیوز، جنگ گروپ یا اس کی ادارتی پالیسی کا اس تحریر کے مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔