لندن: انیل مسرت نے بھارتی نیوز چینل کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا

پاکستان مخالف بھارتی اینکر ارنب گوسوامی (بائیں) لندن ہائی کورٹ میں جھوٹے ثابت ہوگئے،فوٹو: فائل
پاکستان مخالف بھارتی اینکر ارنب گوسوامی (بائیں) لندن ہائی کورٹ میں جھوٹے ثابت ہوگئے،فوٹو: فائل

لندن: پاکستانی نژاد برطانوی تاجر انیل مسرت نے بھارتی نیوز چینل ری پبلک ٹی وی کے خلاف ہائی کورٹ میں ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا۔

پاکستان مخالف بھارتی اینکر ارنب گوسوامی لندن ہائی کورٹ میں جھوٹے ثابت ہوگئے۔

 انیل مسرت کو ارنب گوسوامی نے ایک پروگرام میں  آئی ایس آئی کا “ہرکارہ” قرار دیا تھا اور بھارت میں دہشت پھیلانےکا الزام بھی لگایا تھا۔

ری پبلک  ٹی وی پر متنازع پروگرام 22 جولائی 2020 کو نشر ہوا تھا، لندن ہائی کورٹ میں یہ بات ثابت ہوگئی کہ الزام بغیر ثبوت کے لگائےگئے تھے، پروگرام میں انیل مسرت کی تصویر دکھا کر کہا گیا کہ کیا بالی ووڈ کو دہشت گردی کے حامی سے تعلق رکھنا چاہیے؟

جج نے چینل کو 10 ہزار برطانوی پاؤنڈ ہرجانے کے علاوہ قانونی اخراجات کی مد میں ساڑھے 37 ہزار پاؤنڈ بھی ادا کرنےکا حکم دے دیا۔

 ری پبلک ٹی وی نے کسی بھی مرحلے پر عدالتی کارروائی میں حصہ نہیں لیا۔

جیو نیوز سےگفتگو کرتے ہوئے انیل مسرت کا کہنا تھا کہ کسی خفیہ ایجنسی کے لیےکام کیا اور نہ دہشت گردی یا کسی غیرقانونی کام میں ملوث رہا، انصاف ملنے پر برطانوی نظام انصاف کا شکر گزار ہوں۔

 خیال رہےکہ انیل مسرت چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے قریبی دوست ہیں اور وہ پی ٹی آئی کے لیے فنڈز بھی فراہم کرتے رہے ہیں، اس کے علاوہ وہ وزیراعظم شہباز شریف،  یوسف رضا گیلانی اور  مخدوم احمد محمود کے ساتھ بھی بہترین روابط  رکھتے ہیں۔

مزید خبریں :