04 جولائی ، 2022
کرکٹ میچ کے دوران اکثر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان آپس میں لفظی جنگ دیکھی جاتی ہے۔
ایک ایسا ہی منظر بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ایجبسٹن میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز دیکھنے میں آیا۔
میچ کے دوران صورتحال اس وقت دلچسپ ہوئی جب تیسرے روز بھارت کی پہلی اننگز کے 416 رنز کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم بیٹنگ کررہی تھی،کریز پر اس وقت انگلش کھلاڑی جونی بیئر اسٹو اور کپتان بین اسٹوکس موجود تھے۔
ہوا کچھ یوں کہ انگلش ٹیم کی اننگز کے 32 ویں اوور میں بھارتی فیلڈر ویرات کوہلی اور بیئر اسٹو کے درمیان لفظی جنگ شروع ہوئی۔
سلپ پوزیشن پر موجود کوہلی بیئر اسٹو کی جانب آئے اور ان پر جملے کسنے لگے جبکہ انگلش بیٹر نے پہلے ویرات کے کندھے پر تھپکی ماری اوربظاہر انہیں فیلڈنگ کی جگہ پر جانے کو کہا ۔
دوسری جانب ویرات کوہلی بھی خاموش نہ رہے اور مسلسل لفظی گولہ باری کرتے رہے جبکہ ہونٹوں پر انگلی رکھتے ہوئے انہوں نے بظاہر بیئر اسٹو کو خاموشی سے کھیلنے کا مشورہ دیا۔تاہم فیلڈ امپائرز بیچ میں آئے اور معاملے کو ختم کروایا۔
ان تمام مناظر کو کیمرے نے ریکارڈ کرلیا اور بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوا۔
دلچسپ بات یہ ہوئی کہ جس وقت ویرات اورانگلش بیٹر کے درمیان تکرار ہوئی اس وقت بیئر اسٹو 61 گیندوں پر 13 رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔
تاہم لفظی جنگ کے بعد بیئر اسٹو کے کھیل میں تبدیلی آئی اور انہوں نے اپنی اننگز کی اگلی 79 گیندوں پر جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 93 رنز بنائے اور اس دوران سنچری بھی مکمل کی۔
البتہ بیئر اسٹو 140 گیندوں پر 106 رنز کی اننگز کھیل کر ویرات کوہلی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔