04 جولائی ، 2022
اتحاد ائیر ویز کی ابوظبی سے ماسکو کے لیے روانہ ہونے والی پرواز نے روانگی کے ڈیڑھ گھنٹے بعد اپنے ہیڈکوارٹر ابوظبی میں ہنگامی لینڈنگ کی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پرواز ای وائی 65 پیر کی صبح مقررہ وقت سے 35 منٹ تاخیر سے مقامی وقت کے مطابق صبح 4:10 پر روس کے دارالحکومت ماسکو کے لیے روانہ ہوئی۔
روانگی کے 50 منٹ بعد طیارہ ایران کی فضائی حدود میں تھا کہ طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوگئی جس پر ائیر ٹریفک کنٹرول کی ہدایت پر پائلٹ نے ابوظبی سے واپسی کا راستہ لیا۔
بوئنگ 9-787 ڈریم لائنر طیارہ دبئی کے قریب تھا کہ ریڈار کو صبح 5:18 پر طیارے میں ہنگامی صورتحال کے سگنل موصول ہوئے جس پر طیارے کو ممکنہ طور پر فیول ضائع کرنے کے لیے فضا میں ہولڈ کر لیا گیا۔
بعد ازاں پرواز نے اڑان کے ایک گھنٹے 45 منٹ بعد واپس ابوظبی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر باحفاظت ہنگامی لینڈنگ کی۔