پاکستان
Time 04 جولائی ، 2022

طویل انتظارکے بعدکراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش

کراچی میں آج دوپہر دو سے تین بجے کے قریب بارش متوقع ہے اور یہ اسپیل رات گئے تک جاری رہے گا: سردار سرفراز/ فائل فوٹو
کراچی میں آج دوپہر دو سے تین بجے کے قریب بارش متوقع ہے اور یہ اسپیل رات گئے تک جاری رہے گا: سردار سرفراز/ فائل فوٹو

شہر قائد میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے تاہم بیشتر علاقوں میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔

کراچی کے علاقے گڈاپ میں موسلادھار بارش ہوئی، سہراب گوٹھ،گلشن معمار، پاور ہاؤس چورنگی، نارتھ کراچی، گلستان جوہر اور سرجانی ٹاؤن میں بوندا باندی ہوئی۔

نیشنل ہائی وے پربھی بارش ہوئی، مویشی منڈی میں بارش کے بعدکیچڑ جمع ہوگیا جس سے شہریوں کوپریشانی کاسامنا ہے، سرجانی 4 کے چورنگی پر نالا اوور فلو ہوگیا اور پانی سڑک پر جمع ہوگیا۔

شارع فیصل اور ڈیفنس کےعلاقے میں بھی بارش ہوئی، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی اور نارتھ کراچی میں بھی بارش ہوئی۔

 وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بارش کے بعد شہرکا دورہ کیا اور برساتی نالوں کامعائنہ کیا، اس موقع پر صوبائی وزرا شرجیل میمن،ناصرحسین شاہ اور ایڈمنسٹریٹرکراچی مرتضیٰ وہاب بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس سے قبل محکمہ موسمیات نے آج دوپہر سے کراچی میں گرج چمک  کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا تھا۔

جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ کراچی میں آج دوپہر دو سے تین بجے کے قریب بارش متوقع ہے اور یہ اسپیل رات گئے تک جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ دوپہر کو ہونے والی بارش شام کے وقت میں تیز ہوسکتی ہے، بارش کا یہ اسپیل کل اور پرسوں بھی جاری رہ سکتا ہے۔

سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ مون سون ہوائیں سندھ اور بلوچستان کی طرف بڑھ رہی ہیں، شہر میں آج تیز اور معتدل بارش کا امکان ہے جب کہ 6 جولائی کو ہلکی بارش متوقع ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عید الاضحیٰ پر بھی بارش کا امکان موجود رہےگا، بارش برسانے والا سسٹم کمزور ہوگیا ہے اور سندھ میں زیادہ بارشیں نہیں ہوئی ہیں۔

 محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ کراچی، دادو،جامشورو اور جیکب آباد میں6 جولائی تک تیزبارش کا امکان ہے۔

مزید خبریں :