04 جولائی ، 2022
سابق وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ بابر غوری دبئی سے وطن واپسی پرکراچی ائیرپورٹ سے گرفتار کرلیےگئے۔
خود ساختہ جلا وطن ہونے والے سابق وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ بابر غوری کو کئی سال بعد وطن واپس لوٹتے ہی کراچی ائیرپورٹ سے حراست میں لے لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بابرغوری گزشتہ ایک ماہ سے دبئی میں مقیم تھے اور انہوں نے ایک ہفتہ قبل بھی پاکستان واپس آنے کے لیے ہوائی جہاز کے ٹکٹ خریدے تھے مگر اچانک وطن واپسی ملتوی کر دی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ بابر غوری 4 جولائی کی رات پونے دس بجے امارات ائیر لائن کی پرواز ای کے 602 سے کراچی پہنچے۔
ذرائع کے مطابق بابر غوری جونہی ائیرپورٹ سے باہر آئے تو انہیں حراست میں لے لیا گیا۔
جیو نیوز کو موصول ہونے والی تصویر میں بابر غوری ائیرپورٹ کے باہر بعض سادہ لباس افراد اور پولیس اہلکاروں سے گفتگو کرتے نظر آ رہے ہیں تاہم ذرائع کے مطابق انہیں اہلکار اپنے ہمراہ لےگئے۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہےکہ سابق وفاقی وزیر بابر غوری کےخلاف کرپشن اور دہشت گردی کے مقدمات درج ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہےکہ بابر غوری کی وطن واپسی سے متعلق پولیس کو الرٹ کیا ہوا تھا، جیسے ہی بابر غوری کراچی پہنچے تو انہیں ائیرپورٹ کے احاطے سےگرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہےکہ کراچی کے مختلف تھانوں میں بابر غوری کےخلاف دہشت گردی کے مقدمات ہیں، انہیں کل عدالت میں پیش کیا جائےگا۔
پولیس ذرائع کے مطابق بابر غوری کے خلاف کراچی کے ضلع وسطی اور غربی میں مقدمات درج ہیں، انہیں فوری طور پر ضلع ملیر کے ایک تھانے میں گرفتار کرکے رکھا گیا ہے اور کراچی کے مختلف اضلاع کے شعبہ انویسٹیگیشنز کو بابرغوری کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات لے کر پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔