04 جولائی ، 2022
بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں بارشوں کے بعد آنے والے سیلابی ریلے میں 5 کان کن بہہ گئے۔
بولان میں مچھ کے پہاڑی علاقوں میں موسلادھار بارش کے بعد اطراف کے علاقوں میں سیلابی صورت حال ہے، مچھ کے علاقے گیشتری ندی میں سیلابی ریلہ 5 کان کنوں کو بہا کر لےگیا۔
لیویز ذرائع کے مطابق مقامی افراد نے ایک کان کن کو زخمی حالت میں بچالیا جب کہ ایک کان کن نے ندی کے اندر اونچے پتھر پر پناہ لی ہوئی ہے۔
لیویز ذرائع کا کہنا ہےکہ ندی میں ڈوبنے والے دیگر تین افراد کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ اور گردو نواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، نالے ابل پڑے، تیزہواؤں سے کئی درخت اکھڑ گئے اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
کوئٹہ کے نواحی علاقوں میں متعدد کچے مکانات متاثر ہوئے، ایک بوسیدہ چھت گرنے سے ماں بیٹی جاں بحق ہوگئیں، سریاب میں گھر کی دیوار گرنے سے لڑکا جاں بحق ہوگیا۔