Time 06 جولائی ، 2022
پاکستان

الیکشن کمیشن بے ضمیر ہوگیا، لوٹوں کو جتوانے کی کوشش کر رہا ہے، عمران خان کا الزام

فوٹو: عمران خان آفیشل
فوٹو: عمران خان آفیشل

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہےکہ ہمیں کہا جا رہا ہےکہ ان چوروں کو خود پر مسلط کرنے سے انکار کرو گے تو سزا ملےگی، جو ان چوروں کے ساتھ کھڑا ہے اس کا بھی احتساب ہوگا، قوم ان کو کبھی معاف نہیں کرےگی ۔

ساہیوال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ان کے ساتھ مل کر چوروں اور لوٹوں کو جتانےکی کوشش کر رہا ہے، الیکشن کمیشن بے ضمیر ہو گیا، ان کے ساتھ مل کر دھاندلی کر رہا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ سمجھتے ہیں کہ امپائر کو ساتھ ملا کر الیکشن جیت جائیں گے، نوجوانوں تیار  ہوجاؤ،  آپ نے ان کو دھاندلی نہیں کرنے دینی، ہر پولنگ اسٹیشن پر دس دس نوجوان ہونے چاہئیں،  نوجوانو، آپ نے ان کو دھاندلی نہیں کرنے دینی، شریف جو مرضی کرلیں17 جولائی کو ضمنی الیکشن میں  تمام نشستیں جیتیں گے۔

سربراہ تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ چوروں کے ساتھ کھڑے ہونے والوں کو نہ قوم اور نہ تاریخ معاف کرےگی، پر امن احتجاج کا راستہ روکیں گے تو  آپ کو ملک انتشار کی طرف دھکیلیں گے، آزادی اظہار رائےکا راستہ نہ بند کرو، لوگوں کو ایف آئی آر سے نہ ڈراؤ۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ قوم لوٹوں کو بھی سمجھ گئی ہے اور ڈیزل کو بھی سمجھ گئی ہے، انہوں نے آنےکے ساتھ ہی مہنگائی آسمان پر پہنچادی، یہ ملک کی معیشت کو دو ماہ میں اوپر سے نیچے لے آئے،  ہمارے دور میں انڈسٹری نے ترقی کی ،کسانوں کو سب سے زیادہ فائدہ ہوا،  آج ہمارے کسانوں کا معاشی قتل کردیا گیا۔

مزید خبریں :