07 جولائی ، 2022
اسلام آباد: سینئر صحافی اور سابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
صحافی عمر چیمہ کی رپورٹ کے مطابق ابصار عالم پر حملے کی ہدایات جرمنی سے شیخو پورہ میں ایک شخص کو دی گئیں جس نے خوشاب سے کرائے کے قاتلوں کا بندوبست کیا اور 15لاکھ روپے میں معاملات طے پائے۔
رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں کو ایک اور صحافی اسد طور کو قتل کرنے کا ٹاسک دیا گیا تھا لیکن ابصار عالم کے بچ جانے کی وجہ سے منصوبہ بدل دیا گیا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایاگیا ہے کہ شیخو پورہ پولیس نے ڈکیتی کی واردات میں ملوث ملزمان کو فروری میں گرفتار کیا جس کی وجہ سےکیس کی ساری کڑیاں جڑتی چلی گئیں۔
واضح رہے ابصار عالم پر 20 اپریل2021 کو اس وقت فائرنگ کی گئی تھی جب وہ اسلام آباد میں اپنے گھر کے قریب پارک میں واک کررہے تھے، واقعے میں ابصار عالم زخمی ہوگئے تھے۔