پاکستان
Time 14 جولائی ، 2022

سپریم کورٹ بتائے جب مراسلہ چیف جسٹس کو بھیجا تو کیا آپ کو تفتیش نہیں کرانی چاہیے تھی؟ عمران

دھمکی آمیز مراسلہ صدر مملکت نے چیف جسٹس پاکستان کو بھجوایا تاکہ انکوائری ہو: عمران خان کا انتخابی جلسے سے خطاب— فوٹو: فائل
دھمکی آمیز مراسلہ صدر مملکت نے چیف جسٹس پاکستان کو بھجوایا تاکہ انکوائری ہو: عمران خان کا انتخابی جلسے سے خطاب— فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم عمران خان نے ڈیرہ غازی خان میں انتخابی جلسے سے خطاب میں ایک بار پھر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

جلسےسے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ دھمکی آمیز مراسلہ صدر مملکت نے چیف جسٹس پاکستان کو بھجوایا تاکہ انکوائری ہو، سپریم کورٹ سے سوال پوچھتا ہوں کہ جب مراسلہ چیف جسٹس کو  بھیجا تو کیا آپ کو تفتیش نہیں کرانی چاہیے تھی؟

عمران خان نے کہا کہ امریکی دھمکی عمران خان کی نہیں، 22 کروڑ عوام کی توہین ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ یہ تو پتہ کراتی کہ ڈونلڈ لو نے پیغام کس کو دیا؟ سفارتکار تو وزیراعظم کے نیچے تھا، پھر امریکی اہلکار  پیغام کس کو دے رہا تھا؟

عمران خان نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں ان کی مدد کرنے کیلئے مسٹر ایکس لاہور میں بیٹھا ہے، قوم کو بہت جلد پتہ چلے گا مسٹر ایکس کون ہے، جب تک آخری گیند نہیں کھیلی جاتی، میچ ختم نہیں ہوتا، نوجوانوں آخری گیند تک مقابلہ کرنا ہے۔ 

خیال رہے کہ پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی الیکشن 17 جولائی کو ہوں گے جس کیلئے تحریک انصاف اور ن لیگ نے بھرپور انتخابی مہم شروع کر رکھی ہے۔ ن لیگ کی انتخابی مہم کی قیادت مریم نواز جبکہ تحریک انصاف کی عمران خان خود کر رہے ہیں۔

یہ نشستیں پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے منحرف ارکان کے ڈی سیٹ ہونے کے بعد خالی ہوئی تھیں۔

مزید خبریں :