14 جولائی ، 2022
مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی وزیر اعظم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ جوہری مذاکرات پر ہمیشہ کے لیے ایران کے رد عمل کا انتظار نہیں کریں گے۔
دوسری جانب مشترکہ پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر اعظم یائیر لاپڈ کا کہنا تھا کہ ایران کو روکنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ اسے معلوم ہو کہ دنیا طاقت کا استعمال کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نےعرب ممالک سے امن کے لیے ہاتھ بڑھایا ہوا ہے، ایران کا سامنا کرتے ہوئے علاقائی سلامتی کے لیے ہر ایک کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
مشترکہ پریس کانفرنس میں امریکی صدرکا کہنا تھا کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کا بہترین راستہ سفارتکاری ہے لیکن جوہری مذاکرات پر ایران کے ردعمل کا ہمیشہ کے لیے انتظار نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطین تنازعے کا بہترین حل دو ریاستی حل ہے، اسرائیل اور فلسطین کے درمیان پائیدارامن کے لیے کام جاری رکھیں گے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ان کا سعودی عرب کا دورہ مشرق وسطیٰ میں اپنا اثر و رسوخ دوبارہ ظاہر کرنے کا ایک موقع ہے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن بطور صدر پہلے سرکاری دورے پر اسرائیل میں موجود ہیں جہاں وہ اسرائیلی وزیر اعظم سے میڈل آف آنر بھی وصول کریں گے۔