Time 14 جولائی ، 2022
پاکستان

سپریم کورٹ نے عمران خان کے امریکی سازش والے بیانیےکو اڑا کر رکھ دیا، مریم نواز

فوٹو: اسکرین گریب/ جیو نیوز
فوٹو: اسکرین گریب/ جیو نیوز

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہےکہ عمران خان کو سپریم کورٹ کے فیصلے  پر افسوس ہے لیکن آئین توڑنے پر نہیں، سپریم کورٹ نے عمران خان کے امریکی سازش والے بیانیےکو  اڑا کر  رکھ دیا۔

خوشاب اورکلر سیداں میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان بدقسمت انسان ہے جس پر آئین توڑنےکا کلنک لگا، عمران خان نے آئین شکنی کرکے ڈکٹیٹروں کو بھی مات دے دی، اس کے خلاف آرٹیکل6 کے تحت مقدمہ چلانا چاہیے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ  سپریم کورٹ نے ثاقب نثار کے جعلی فیصلے اور جھوٹے صادق امین کی بھی دھجیاں اڑا دیں ، عمران خان نے سی پیک کی جگہ جی پیک بنایا ہوا تھا، یعنی گوگی پنکی اکنامک کوریڈور ، عمران خان کی انگریزی بھی ایکس وائی زی سے شروع ہوتی ہے ، بیچ میں جی فارگوگی اور پی فار پنکی پیرنی بھی آتا ہے۔

نائب صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ ایک پیج پر ہونے کے باجود یہ مسلم لیگ ن سے سارے ضمنی الیکشن ہارا ، دھاندلی وہ ہوتی ہے جب ایک جماعت کے قائد کو ڈسکوالیفائی کیا جاتا ہے، جب نواز شریف اور مریم نواز کی تقریریں ٹی وی پر چلانے پر پابندی لگائی جاتی ہے ، عمران خان تو دندناتا پھرتا ہے اور دن میں تین تین مرتبہ لوگوں کا مغز کھاتا ہے۔

ان کا  کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں جھوٹ اور گالیاں نہیں چلتیں وہاں ثبوت دینا ہوتا ہے، فتنہ خان تمہارے سارے امیدوار میدان میں ہیں، ڈرتے کیوں ہو؟  آؤ مقابلہ کرو، عمران خان تمہیں نواز شریف کی تصویر ہر جگہ نظر آئےگی۔

مزید خبریں :