Time 15 جولائی ، 2022
پاکستان

جعلی پاکستانی پاسپورٹ پر خلیجی ملک جانیوالا افغان شہری ائیرپورٹ سے گرفتار

افغان شہری کے قبضے سے جعلی پروٹیکٹرز اور جعلی ورک ویزہ بھی قبضے میں لے لیا گیا، ایف آئی اے— فوٹو: فائل
افغان شہری کے قبضے سے جعلی پروٹیکٹرز اور جعلی ورک ویزہ بھی قبضے میں لے لیا گیا، ایف آئی اے— فوٹو: فائل

وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) کے امیگریشن سرکل نے کراچی ائیرپورٹ پر جعلی پاکستانی پاسپورٹ پر خلیجی ملک جانے کی کوشش پر ایک افغان باشندے کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق کراچی ائیرپورٹ غیرملکیوں کے خلاف امیگریشن کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔

حکام نے بتایا کہ جعلی پاکستانی پاسپورٹ کے حامل ایک مشکوک مسافر صادق سے کراچی ائیرپورٹ کے ایف آئی اے امیگریشن کے عملے نے بازپرس کی تو اس کی سفری دستاویزات مشکوک ثابت ہوئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ مسافر پاکستانی جعلی پاسپورٹ پر خلیجی ملک کی پرواز کے ذریعے بیرون ملک کے راستے کسی دوسرے ملک جانا چاہتا تھا۔

حکام کے مطابق افغان شہری کے قبضے سے جعلی پروٹیکٹرز اور جعلی ورک ویزہ بھی قبضے میں لے لیا گیا جبکہ گرفتار مسافر نے افغان شہری ہونے کا اعتراف کرلیا۔

حکام کا کہنا تھاکہ ملزم صادق کے مطابق اس نے اعظم نامی ایجنٹ کو 8 لاکھ روپے دے کر جعلی پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کا بندوبست کیا تھا۔ 

امیگریشن حکام کے مطابق مزید قانونی کارروائی کیلئے مسافر کو ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کردیا گیا۔

مزید خبریں :