18 جولائی ، 2022
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پنجاب کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ کا جنازہ نکل گیا ہے، آصف زرداری نے ن لیگ کو دفن کیا، فضل الرحمان آکر قل پڑھائیں۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات ایک لیباریٹری ٹیسٹ تھا جس میں قوم نے عمران خان کے حق میں فیصلہ دے دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کل پنجاب میں صاف اور شفاف الیکشن ہوئے، کل کے الیکشن سے اسٹیبلشمنٹ کو بھی عزت ملی، عوام کی خوشی اسی میں تھی کہ اسٹیبلشمنٹ اپنا کام اور سیاستدان اپنا کام کریں۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ کل کے الیکشن نے لکشمی چوک پر ن لیگ کا جنازہ نکال دیا ہے، رات سے ن لیگ والوں کو چُپ لگی ہوئی ہے، آصف زرداری نے ن لیگ کو دفن کر دیا، مولانا فضل الرحمان آکر قل پڑھائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ثابت ہو گیا ہے کہ عمران خان کا بیانیہ گھر گھر پہنچ چکا ہے، عمران خان ایسا کوئی فیصلہ نہیں کریں گے جو ملک کے خلاف ہو۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف صرف سی ڈی اے کے وزیراعظم رہ گئے ہیں، شہباز شریف سے کہتا ہوں کہ جتنی جلدی قومی اسمبلی کا الیکشن ہو پاکستان کے مفاد میں ہے، شہباز شریف کو مشورہ ہے کہ ایک ہفتے میں حکومت توڑی جائے اور سب کے مشورے سے ایک نگراں حکومت بنائی جائے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہباز حکومت کو قطر اور سعودی عرب سے کچھ نہیں ملنا، یہ کہتے تھے کہ عمران خان کو گھر بھیجیں گے، عمران خان سب کو گھر بھیج کر جائے گا۔