Time 19 جولائی ، 2022
پاکستان

ضمنی انتخاب کسی کی مقبولیت یاعدم مقبولیت کا پیمانہ نہیں، سعد رفیق

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہےکہ تمام صوبائی حکومتوں کو حق حاصل ہےکہ اپنی مدت پوری کریں، وفاقی حکومت بھی اپنی مدت پوری کرےگی، ضمنی انتخاب کسی کی مقبولیت یا عدم مقبولیت کا پیمانہ نہیں ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کے اجلاس کے بعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ابہام پیدا کرنے اور شوشے چھوڑنے سے گریز کریں، پنجاب کے ضمنی انتخاب کسی کی مقبولیت یا عدم مقبولیت کا پیمانہ نہیں، ن لیگ اور اتحادیوں نے ان کی 20 میں سے 5 سیٹیں جیتی ہیں، ہمارا ووٹ بینک بڑھا ہے۔

 خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ یہ گمراہ آدمی ہے اس پر شیاطین اترتے ہیں اس نے گمراہوں کا گروہ تیار کیا ہے، ہماری قیادت نے جمہوریت کے لیے قربانیاں دی ہیں، یہ تو صرف آوارہ گردی کرتا ہے، دوسروں کو چیری بلاسم کہتا ہے اور خود سر سے پاؤں تک خوشامدی ہے، ہمیں اپنی سیاست بچانا خوب آتا ہے لیکن ہم نے یہ نہیں کیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم تھا بارودی سرنگیں لگی ہیں لیکن اپنے ملک کو چھوڑ کر بھاگا نہیں جاتا، ہمارے مقدمات نہیں سنے جاتے تھے اس وقت نظام عدل سویا ہوا تھا، کسی کی بھی حکومت ہو نظریہ ضرورت کے تحت فیصلے نہیں ہونے چاہئیں، تمام صوبائی حکومتوں کو حق حاصل ہے کہ اپنی مدت پوری کریں،وفاقی حکومت بھی اپنی مدت پوری کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکیم سعید اور ڈاکٹر اسرار  بہت پہلے بتاگئے تھےکہ یہ شخص ایک سازش ہے، جب اس کی مرضی کا فیصلہ نہیں آتا تو کہتا ہے کہ پاکستان کے ٹکڑے ہوجائیں گے، یہ شخص سازشی اور ذہنی مریض بھی ہے،  ہم  یہ گزارش کرتے ہیں کہ  پارلیمان کے فیصلوں کا احترام کیا جائے۔

مزید خبریں :