19 جولائی ، 2022
برطانیہ میں 19 جولائی کو تاریخ میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 40.2 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق یہ پہلی بار ہے جب برطانیہ میں 40 سینٹی گریڈ سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
یہ درجہ حرارت برطانوی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے سے قبل لندن کے ہیتھرو ائیر پورٹ میں ریکارڈ کیا گیا جبکہ محکمہ موسمیات نے 19 جولائی کی سہ پہر درجہ حرارت میں مزید اضافے کی پیشگوئی کی ہوئی ہے۔
اس سے قبل برطانیہ میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 2019 میں ریکارڈ کیا گیا تھا جو 38.7 سینٹی گریڈ تھا۔
19 جولائی کو جنوبی برطانیہ کے بیشتر حصوں میں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ریکارڈ ہوا۔
اس سے قبل 18 جولائی کو برطانیہ کی گرم ترین رات کا ریکارڈ بھی قائم ہوا تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 18 جولائی کی رات کو لندن کے مضافات میں درجہ حرارت 25.8 سینٹی گریڈ رہا تھا۔
برطانیہ سمیت یورپ کے مختلف حصوں میں ہیٹ ویو کی موجودہ لہر افریقا سے آنے والی گرم ہواؤں کا نتیجہ ہے، جس کے باعث مختلف یورپی ممالک میں درجہ حرارت کے ریکارڈ ٹوٹ گئے جبکہ مختلف مقامات پر جنگلات میں آگ بھی لگ گئی۔
گزشتہ ہفتے اسپین کے ایک علاقے میں 41.8 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جبکہ فرانس میں 40 سینٹی گریڈ درجہ حرارت رہا جو جولائی میں سب سے زیادہ درجہ حرارت کا ریکارڈ ہے۔
18 جولائی کو آئرلینڈ میں 1887 کے بعد پہلی بار درجہ حرارت 33 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
اسپین سے جاری اعدادوشمار کے مطابق درجہ حرارت میں اضافے کے باعث 10 سے 16 جولائی کے دوران 510 اموات ہوئیں جبکہ 659 اموات پرتگال میں رپورٹ ہوئیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یورپی ممالک کو درجہ حرارت میں اضافے سے بہت زیادہ نقصان ہوسکتا ہے کیونکہ یہاں کبھی درجہ حرارت اتنا زیادہ نہیں رہا۔
انہوں نے کہا کہ لوگ اس طرح کے درجہ حرارت سے مقابلہ کرنے کے لیے تیار نہیں۔