21 جولائی ، 2022
جاپان کے جنوب مغربی شہر میں جنگلی بندر اپنے شکار کیلئے دیگر جانوروں کی تلاش میں انسانی آبادی میں گھس کر حملہ آور ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 8 جولائی سے لے کر یاماگوچی شہر کے ضلع اوگوری میں بندر کے حملوں سے 20 افراد زخمی ہوئے ہیں اور یہ بندر اپنے شکار کا متلاشی ہے۔
انتظامیہ کا بتانا ہےکہ اس بندر نے ایک گھر میں شیشے کے دروازے سے گھسنے کی کوشش میں 10 ماہ کی بچی کو بھی نشانہ بنایا اور اس کی ٹانگ نوچ ڈالی جب کہ بندر نے اسکول میں 10 سالہ لڑکے کے دونوں ہاتھوں کو بھی کاٹا۔
پولیس کے مطابق اس طرح کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں لیکن پولیس حملہ کرنے والے بندر کی نسل اور حملے کی وجہ کا پتا چلانے میں ناکام رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ علاقہ بندروں کی آماج گاہ ہے، یہاں شروع سے بندر پائے جاتے ہیں اس علاقے کو Japanese snow monkeys کے نام سے بھی جانا جاتا ہے لیکن ایک بندر کے حملہ کرنے کی وجہ معلوم نہیں ہورہی۔
پولیس نے علاقہ مکینوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے گھر کی کھڑکیاں اور دورازے بند رکھیں جب کہ پولیس نے علاقے میں گشت بھی شروع کردیا ہے۔