مشہور کردار 'جان وک' کیانو ریوز کی بجائے کس اداکار کیلئے تحریر کیا گیا تھا؟

کیانو ریوز جان وک کے کردار میں / اسکرین شاٹ
کیانو ریوز جان وک کے کردار میں / اسکرین شاٹ

ہالی وڈ اسٹار کیانو ریوز نے 'جان وک' کے کردار کو گزشتہ 7 برسوں کے دوران آئیکونک ایکشن ہیرو میں تبدیل کردیا ہے۔

مگر حقیقت تو یہ ہے کہ جان وک کا کردار بنیادی طور پر کیانو ریوز کے لیے لکھا نہیں گیا تھا بلکہ یہ کسی 75 سال کے شخص کو ذہن میں رکھ کر تحریر کیا گیا تھا۔

ایک نئی رپورٹ کے مطابق یہ کردار ہیریسن فورڈ یا کلنٹ ایسٹ ووڈ کو ذہن میں رکھ کر تحریر کیا گیا تھا۔

اس بات کا انکشاف جان وک سیریز کے پروڈیوسر باسل آئی وینک نے ایک نئی کتاب میں کرتے ہوئے بتایا کہ اوریجنل اسکرپٹ میں جان وک کا کردار 75 سالہ شخص کا تھا۔

انہوں نے کتاب میں بتایا کہ 'میرے ایک دوست نے ڈیرک کولسٹاڈ کا تحریر کردہ اسکرپٹ مجھے بھیجا، اس میں مرکزی کردار ایک ایسے 75 سالہ شخص کا تھا جسے ریٹائر ہوئے 25 سال ہوچکے تھے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'میں نے سوچا کہ کلنٹ ایسٹ ووڈ کو اس کردار میں دیکھنا اچھا لگے گا، مگر پھر سوچا کہ ایک یا 2 اور اداکار بھی اسے ادا کرسکتے ہیں جیسے ہیریسن فورڈ'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میرا ایک اور دوست جمی ڈارموڈی اس وقت کیانو ریوز کے ایجنٹ تھا، اور اس نے مجھ سے کہا کہ کیا میرے پاس کیانو ریوز کے لیے کوئی ایکشن فلم ہے؟'

باسل آئی وینک نے کہا کہ 'مجھے یاد ہے کہ اس وقت میں نے سوچا تھا کہ کیانو گزشتہ 25 برسوں کے بہترین ایکشن اسٹارز میں سے ایک ہے، آخر اسے کیا ہوا ہے؟ وہ کیا کررہا ہے؟ ہم نے اسکرپٹ اسے دے دیا اور کہا کہ یقیناً آپ 75 سال کے نہیں'۔

اسی کتاب کے لیے کیانو ریوز نے بتایا کہ وہ فوری طور پر جان گئے تھے کہ جان وک بہترین کردار ہے اور انہیں جان وک کے کردار سے محبت ہوگئی تھی جو اپنی دنیا کو پھر سے تعمیر کررہا تھا۔

فلم کے رائٹر ڈیرک کولسٹاڈ کے مطابق یہ کیانو ریوز تھے جنھوں نے اسکرپٹ کو اپنا بنالیا، درحقیقت اداکار کو اسکرپٹ اتنا پسند آیا کہ انہوں نے اس میں کچھ تبدیلیاں کرائیں تاکہ وہ اسے ادا کرسکیں۔

انہوں نے بتایا کہ 'میں نے 2 ماہ ہر ہفتے 2 دن کیانو کے گھر میں گزارے تاکہ اسکرپٹ پر کام کرسکوں، جب میں پہلی بار اداکار سے وہاں ملا تو ان کی میز پر 300 اسکرین پلے رکھے ہوئے تھے'۔

رائٹر نے مزید بتایا کہ 'کیانو نے اسکرپٹ کو 90 منٹ میں پڑھ لیا اور کہا میں یہ کرنا چاہتا ہوں، میں واقعی اسے کرنا چاہتا ہوں، انہوں نے کہا کہ میں اس کردار کو 75 کی بجائے 35 سال کی عمر میں کرنا چاہتا ہوں اور میں نے کہا ٹھیک ہے'۔

خیال رہے کہ جان وک سیریز کی 3 فلمیں ریلیز ہوچکی ہیں اور جان وک : چیپٹر 4 کی ریلیز کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے التوا کا شکار ہے اور ابھی اسے 23 مارچ 2023 کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :