21 جولائی ، 2022
دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کرنے کے منتظر کوہ پیماؤں کی راہ ہموار ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق کے ٹو پر خراب موسم اور تیز ہواؤں کی وجہ سے کوہ پیماؤں کی پیش رفت متاثر ہوئی، روپ فکسنگ کا عمل تاخیر کا شکار ہونے کی وجہ سے کوئی سمٹ مکمل نہیں ہوسکی تھی۔
تاہم کے ٹو سر کرنے کے منتظر دنیا بھر کے کوہ پیماؤں کی راہیں اس وقت ہموار ہوگئیں جب نیپال کے پانچ گائیڈز بوٹل نیک سے اوپرکا روٹ کلیئر کرتے ہوئے ٹاپ پر پہنچنے میں کامیاب ہوئے اور چوٹی پر پہلا سمٹ مکمل کیا۔
ٹاپ تک 'روپ فکس' ہونے کی خبر ملتے ہی کیمپ فور سے دیگر کوہ پیماؤں نے بھی حتمی سمٹ کی جانب پیش قدمی شروع کر دی۔
دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی،8ہزار 611 میٹر بلند، کے ٹو کو سر کرنے کیلئے 100 سے زائد کوہ پیما موجود ہیں۔سخت موسم اور روپ فکسنگ میں تاخیر کی وجہ سے ان کی سمٹ مؤخر ضرور ہوئی مگر وہ ڈٹے رہے اور بالآخر جمعرات کی شب رات ساڑھے 10 بجے نیپال کی پانچ رکنی ٹیم روپ فکسنگ کا عمل مکمل کرتے ہوئے کے ٹو کے ٹاپ پر پہنچ گئی اور باضابطہ طور پر پہلی سمٹ مکمل کی۔
اس عمل میں پسداوا شیرپا نے دنیا کی پانچ بلند ترین چوٹیوں کو کم ترین وقت میں سر کرنے کا اعزاز اپنے نام کرلیا، انہوں نے 69 روز میں ایوریسٹ، کے ٹو ،کینچن جونگا،لوٹسے اور مکالو کو سر کرلیا۔اس سے قبل یہ ریکارڈ 70 دن کا تھا۔
اس پانچ رکنی ٹیم میں پسداوا شیرپا،چیرنگ نمگیال،سدھی گشنگ،ڈورجی گائلزن شیرپا اور رنجی شیرپا شامل تھے ۔
روپ فکسنگ ٹیم کی سمٹ مکمل ہونے کی خبر کیمپ فور پر پہنچی تو وہاں سے بھی دیگر کوہ پیماؤں نے ٹاپ کی جانب پیش قدمی کا آغاز کردیا ہے۔
پاکستان کی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے جیو نیوز کو بتایا کہ ان کی حتمی سمٹ پر پیش قدمی شروع ہوچکی ہے، سہیل سخی اور سرباز علی ان کے ساتھ ہیں۔ پاکستان کے واجد نگری، انڈورا کی اسٹیفی ٹروگیٹ اور ناروے کی کرسٹین ہریلا بھی کیمپ فور سے سمٹ کی جانب چل پڑی ہیں۔
اس سے قبل تاخیر اور خراب موسم کی وجہ سے بعض کوہ پیماؤں نے اپنا ارادہ ترک بھی کردیا تھا۔کے ٹو کیمپ تھری پر ایک افغان کوہ پیما کے وفات پانے کی اطلاع بھی ہے تاہم اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
دوسری جانب نیپال کے کوہ پیما سانو شیرپا نے گیشربرم ٹو سر کر کے منفر کارنامہ انجام دے دیا ہے۔ وہ دنیا کی تمام 14 بلند ترین چوٹیاں دو مرتبہ سر کرنے والے کوہ پیما بن گئے ہیں۔
انہوں نے ایوریسٹ 7 مرتبہ سر کی جبکہ نانگا پربت، لوٹسے اور مناسلو کو 3، 3 مرتبہ اور دیگر 10 چوٹیوں کو 2، 2 مرتبہ سر کیا۔