21 جولائی ، 2022
ترجمان الیکشن کمیشن نے دعویٰ کیا ہےکہ جماعت اسلامی نے خود سندھ کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنےکی درخواست کی تھی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ انتخابات ملتوی کرنےکی درخواست دے کر احتجاجی دھرنا دینا غیر اخلاقی بات ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ جماعت اسلامی کے نائب امیر اور چیئرمین الیکشن سیل راجہ عارف سلطان منہاس نے یہ درخواست دی تھی۔
دوسری جانب امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے الیکشن کمیشن کے اس بیان کی تردیدکی ہےکہ جماعت اسلامی نے بلدیاتی الیکشن مؤخرکرنے کی درخواست کی تھی۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہےکہ جماعت اسلامی نے صرف 27 جولائی کو ہونے والے این اے 245 کے ضمنی الیکشن کا پروگرام ری شیڈول کرنےکی درخواست دی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مؤخر کرنے پر جماعت اسلامی الیکشن کمیشن کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے گی۔