22 جولائی ، 2022
کراچی کی مقامی عدالت نے دعا زہرا کو یکم اگست کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے دعا زہرا کی بازیابی سے متعلق والدہ کی درخواست پر سماعت کی اور لڑکی کو یکم اگست کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے کیس کے تفتیشی افسر کو حکم نامہ جاری کیا جس میں تفتیشی افسر کو دعا زہرا کو بحفاظت آئندہ سماعت پر پیش کرنے کی ہدایت کی۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہےکہ سندھ ہائیکورٹ نے بھی تفتیشی افسرکو دعا زہرا کی لاہور سے کراچی منتقلی کاحکم دیا تھا، دعا کو کراچی منتقل کیا جائے تاکہ کیس اور کسٹڈی کا معاملہ نمٹایا جاسکے۔
عدالت نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں دعا زہرا کی والدہ نے درخواست دائرکی تھی اور دعا زہرا کے مفاد میں یہ درخواست منظور کی جاتی ہے ۔