Time 25 جولائی ، 2022
پاکستان

کراچی میں تیز بارش برسانے والے بادلوں کی پھر انٹری، شہر میں مزید بارش کا امکان

کراچی کے جنوب مشرق میں بارش برسانے والے بادل بن رہے ہیں اور تیز بارش برسانے والے بادل سونمیانی، لسبیلہ، خضدار ڈسٹرکٹ میں موجود ہیں: محکمہ موسمیات/ فوٹو سوشل میڈیا
کراچی کے جنوب مشرق میں بارش برسانے والے بادل بن رہے ہیں اور تیز بارش برسانے والے بادل سونمیانی، لسبیلہ، خضدار ڈسٹرکٹ میں موجود ہیں: محکمہ موسمیات/ فوٹو سوشل میڈیا

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید بارش برسانے والے بادل پورے کراچی پر موجود ہیں اور شہر میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

کراچی میں گزشتہ روز سے ہونے والی بارش نے شہر میں ہرطرف جل تھل کردیا ہے اور شہر کی اہم شاہراہوں سمیت گلی محلوں میں پانی کھڑا ہے۔

شہر میں موسلادھار بارش سے کئی نالے ابل بڑے پڑے ہیں اور سڑکوں پر پانی کی وجہ سے متعدد گاڑیاں بھی خراب ہیں جب کہ پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔

ڈیفنس سمیت کئی علاقوں میں میں پانی گھروں میں داخل

پوش علاقے ڈیفنس فیز 4 کمرشل اور 6 کی سڑکوں پر پانی کا راج ہے اور فیز فور کے کئی مکانوں میں پانی داخل ہو گیا جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے، کئی افراد رشتے داروں کے گھروں میں منتقل ہو گئے۔ سندھ حکومت نے کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کی مدد کے لیے پمپ بھیج دیے ہیں۔

کراچی کے جنوب مشرق میں بارش برسانے والےبادل بن رہے ہیں: محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے جنوب مشرق میں بارش برسانے والےبادل بن رہے ہیں، تیز بارش برسانے والے بادل سونمیانی، لسبیلہ اور خضدار ڈسٹرکٹ میں بن رہے ہیں  جس کے باعث آئندہ چند گھنٹوں میں کراچی میں مزید بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 30 جولائی سے ایک اور سسٹم اثر انداز ہو سکتا ہے تاہم اس سسٹم کے تحت شہر میں ہلکی بارش متوقع ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہےکہ ہوا کے کم دباؤ کی شدت تاحال برقرار ہے،  ہوا کا کم دباؤ وسطی اور مغربی سندھ پر موجود ہے، شہر میں آج شام تک وقفے وقفے سے تیز کا بارش کا امکان ہے جب کہ کل شام یا رات تک کراچی حیدرآباد، ٹھٹھہ سجاول اور دادو میں بارش کا امکان ہے تاہم کل بارش کی شدت معتدل رہے گی۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں گزشتہ روز سے ہونے والی بارش کے اعدادو شمار جاری کردیے۔

کراچی میں سب سے زیادہ بارش صدر میں 217 ملی میٹر ریکارڈ

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز صبح 11 سے آج صبح 8 بجے تک سب سے زیادہ بارش صدر میں 217 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، اس کے بعد پی ایف مسرور بیس پر 207 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کیماڑی میں 188.5، سرجانی 157.3، گلشن حدید 154، ڈیفنس 126، قائد آباد 11.4 اور ناظم آباد میں 106 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اس کے علاوہ گڈاپ میں 103، پی ایس فیصل 88.5، نارتھ کراچی 99 اور سعد ٹاؤن میں 85.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

کراچی میں بارش کے باعث شہر کا بیشتر حصہ بجلی سے محروم ہے جس کے باعث شہری مزید پریشانی کا شکار ہیں۔


کے الیکٹرک نے ایک بار پھر بارش کا بہانہ بناتے ہوئےمتعدد علاقوں میں بجلی بند کررکھی ہے۔

فلائٹ آپریشن متاثر، ٹرینیں بھی تاخیر کا شکار

 بارش کی وجہ سے فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہے اورکراچی آنے اور جانے والی درجن بھر پروازیں منسوخ کردی گئیں جب کہ  کئی تاخیر کاشکار  ہیں۔

سندھ اور وفاق کا کراچی اور حیدرآباد میں عام تعطیل کا اعلان

سندھ کے بعد وفاق کا بھی کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں آج اپنے دفاتر میں چھٹی کا اعلان کیا ہے۔

مزید خبریں :