31 جولائی ، 2022
لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی نے ملاقات کی اور پنجاب کے انتظامی امور اور سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعلیٰ آفس میں ہونے والی ملاقات میں سابق وزیراعظم عمران خان نے پنجاب سے غیر آئینی اور غیر قانونی حکومت کے خاتمے پر پرویز الٰہی اور مونس الٰہی کو مبارک باد دی۔
پرویزالٰہی نے سیاسی وفاداریاں بدلنے والوں کے خلاف بھرپور مؤقف پرکھڑا رہنے پر عمران خان کی سیاسی بصیرت کو سراہا۔
عمران خان نے پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے اور سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔ پرویز الٰہی نے آگاہ کیا کہ متاثرین کی مدد کے لیے انتظامیہ اور متعلقہ ادارے متحرک ہیں، جاں بحق افرادکے لواحقین کے لیے 8، 8 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔