01 اگست ، 2022
وزیراعظم شہباز شریف کی بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ میں سیلاب متاثرین سے پشتو میں گفتگو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور وفاقی وزراء کے ہمراہ بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف قلعہ سیف اللہ پہنچے جہاں انہوں نے سیلاب زدگان کے لیے لگائے گئے کیمپوں میں جا کر امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا اور عوام سے ملاقات بھی کی۔
سرکاری نیوز ایجنسی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر وزیراعظم کی سیلاب سے متاثرہ خواتین اور بچوں کے ساتھ گفتگو کی ایک ویڈیو اپ لوڈ کی گئی ہے جس میں وزیراعظم کو متاثرہ افراد کے ساتھ پشتو میں گفتگو کرتے سنا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایک کیمپ میں موجود خواتین، مردوں اور بچوں سے خیریت دریافت کی اور انہیں ملنے والی سہولیات کا بھی پوچھا۔
شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ افراد سے پشتو میں پوچھا کہ کھانا کھایا ہے تم نے جس پر کیمپ میں موجود خواتین اور مردوں نے نفی میں جواب دیا۔