02 اگست ، 2022
موسم گرما کے دوران لوگ گھومنا بہت زیادہ پسند کرتے ہیں کیونکہ لمبے دنوں کے باعث گھر سے باہر وقت گزارنا اچھا لگتا ہے۔
مگر یہی وہ موسم بھی ہے جب مچھروں کی بھرمار ہوتی ہے بالخصوص بارشوں کے سیزن میں۔
مچھروں کے کاٹنے سے صرف خارش کا سامنا ہی نہیں ہوتا بلکہ مختلف امراض کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔
مگر ہوسکتا ہے کہ آپ کے جاننے والوں میں کوئی ایسا فرد بھی ہو جو دعویٰ کرتا ہو کہ اسے کبھی کسی مچھر نے نہیں کاٹا۔
تو کیا ایسا واقعی ہوسکتا ہے ؟ یقین کرنا مشکل ہوگا مگر ایسی سائنسی وجوہات موجود ہیں جن سے عندیہ ملتا ہے کہ مخصوص افراد مچھروں کے پسندیدہ شکار کیوں ہوتے ہیں۔
ویسے وجوہات سے پہلے یہ جان لیں کہ صرف مادہ مچھر ہی آپ کا خون چوستی ہے تاکہ ہمارے خون سے حاصل ہونے والے پروٹین سے شرح افزائش کو بہتر کرسکے۔
مچھروں کے کاٹنے کی وجوہات درج ذیل ہیں۔
مچھر زیادہ تر اپنی بینائی کو شکار کے لیے استعمال کرتے ہیں، تو گہرے رنگ جیسے سیاہ، نیوی بلیو اور سرخ ان کی توجہ کا زیادہ مرکز بنتے ہیں۔
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ سیاہ رنگ مچھروں کا پسندیدہ ہے۔
بینائی کے ساتھ ساتھ مچھر سونگھنے کی حس کو بھی شکار ڈھونڈنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
کسی فرد کے جسم سے خارج ہونے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس ان کی توجہ حاصل کرتی ہے۔
یہ گیس سانس لینے کے عمل کے دوران خارج ہوتی ہے۔ ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ مچھر اس گیس کو 164 فٹ دوری سے بھی سونگھ لیتے ہیں۔
تو جو افراد زیادہ مقدار میں اس گیس کو خارج کرتے ہیں یعنی زیادہ جسمانی وزن والے یا مشقت کے دوران زیادہ گہری سانسیں لینے والے، مچھروں کے لیے زیادہ پرکشش ہوجاتے ہیں۔
کاربن ڈائی آکسائیڈ کے ساتھ ساتھ مچھر جسمانی بو اور پسینے سے خارج ہونے والے مرکبات کی جانب بھی لپکتے ہیں۔
یورک ایسڈ، ایمونیا اور lactic ایسڈ جیسے مرکبات بھی انسانی جلد اور پسینے میں موجود ہوتے ہیں۔
سائنسدان مسلسل جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ آخر مخصوص جسمانی بو مچھروں کے لیے زیادہ پرکشش کیوں ہوتی ہے، اور اب تک یہ معلوم ہوچکا ہے کہ جینز، جلد پر موجود بیکٹریا اور ورزش وغیرہ اس حوالے سے کردار ادا کرنے والے عناصر ہیں۔
ایک عام خیال یہ بھی ہے کہ مچھر خون کے مخصوص گروپس کو زیادہ پسند کرتے ہیں۔
بلڈ گروپ کا تعین جینز سے ہوا ہے اور ہر گروپ کے لیے مخصوص پروٹینز کی ضرورت ہوتی ہے۔
اے، بی، اے بی اور او 4 بڑے بلڈ گروپس ہیں، ویسے تو اس حوالے سے حتمی طور پر طے نہیں ہوسکا کہ خون کا کونسا گروپ مچھروں کے لیے زیادہ پرکشش ہے مگر کچھ تحقیقی رپورٹس میں عندیہ دیا گیا ہے کہ او بلڈ گروپ مچھروں کی اشتہا بڑھاتا ہے۔
مگر جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ ابھی کچھ بھی حتمی نہیں اور اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔