Time 01 اگست ، 2022
انٹرٹینمنٹ

قتل کی دھمکی ملنے کے بعد سلمان خان کو اسلحہ لائسنس جاری کر دیا گیا

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کو قتل کی دھمکی ملنے کے بعد اسلحہ لائسنس جاری کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق  سلمان خان جنہیں حال ہی میں پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کی ذمہ داری قبول کرنے والے گینگ کے سرغنہ لارنس بشنوئی کی جانب سے ایک خط کے ذریعے جان سے مارنے کی دھمکی ملی  نے اپنے تحفظ کے لیے  اسلحے کا لائسنس حاصل کر لیا۔

 سلمان خان اور ان کے والد کو گزشتہ ماہ ایک دھمکی آمیز خط موصول ہوا تھا۔ اُس خط میں لکھا تھا کہ ' تمہارا حال موسے والا جیسا کر دوں گا'۔

قتل کی دھمکی ملنے کے بعد گزشتہ دنوں سلمان خان نے ممبئی پولیس کے کمشنر وویک پھنسالکر سے ملاقات کی تھی اور اپنے ذاتی تحفظ کے لیے اسلحے کے لائسنس کی درخواست جمع کروائی۔

تاہم پیر کے روز ممبئی پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ  سلمان خان کو  دھمکی آمیز خط کے پس منظر میں اپنے تحفظ کے لیے اسلحے کا لائسنس جاری کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا تھا کہ سدھو موسے والا کے قتل کے بعد خدشہ ہے کہ اب گینگسٹر لارینس بشنوئی کے نشانے پر سلمان خان ہیں، اسی لیے اداکار کی سکیورٹی سخت کردی گئی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سلمان خان نے اپنی حفاظت کیلئےبلٹ پروف گاڑی بھی خریدی تھی۔

مزید خبریں :