04 اگست ، 2022
کراچی: محکمہ موسمیات نے سندھ میں کل سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ اگست میں بھی معمول سے زائد بارشوں کاامکان ہے اور مون سون سسٹم کل سے سندھ پر اثرانداز ہوسکتا ہے جس کے تحت ٹھٹھہ، بدین، سجاول، عمرکوٹ اور تھرپارکر میں درمیانی شدت کی بارش کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں بھی 6 سے 9 اگست کے درمیان شدت کی بارشوں کا امکان ہےجس دوران شہر میں چند مقامات پر تیز بارش بھی ہوسکتی ہے۔
سردار سرفراز کے مطابق مون سون کا ایک اور سسٹم 10 اگست سے سندھ پر اثرانداز ہوگا جب کہ 11 اگست سے کراچی میں بارش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوسکتا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ نے کہا کہ مون سون کا یہ سسٹم 15 اگست تک جاری رہ سکتا ہے اور اس سسٹم سے کراچی سمیت سندھ میں تیز اور معتدل بارشوں کا امکان ہے۔