04 اگست ، 2022
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کا اشارہ دیا ہے۔
اردو نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی اس وقت جو سیاسی پوزیشن ہے، میرے خیال میں تمام سیاسی جماعتیں اگر بیٹھ کر خود آپس میں بات کرلیں تو بہتر ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کا ایک سیاسی کردار رہا ہے لیکن فی الحال سیاسی جماعتوں کو میچیورٹی دکھانی چاہیے، اگر سیاسی جماعتیں ایسا نہیں کرتیں تو اسٹیبلشمنٹ کو کرنا چاہیے لیکن آئیڈیل حالات سیاسی جماعتوں کا آپس میں ہی فریم ورک ترتیب دینا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اب یہ شہباز شریف پر منحصر ہے کیونکہ اس وقت وہ وزیراعظم ہیں، ان کا کام ہے کہ وہ انتخابات کا اعلان کریں اور سیاسی جماعتوں کو بیٹھنے کی دعوت دیں تو ظاہر ہے بات چیت شروع ہو جائے گی۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ پی ٹی آئی کی 2 صوبوں میں اپنی حکومت ہے، بلوچستان میں اتحادی حکومت ہے اور سندھ میں پی پی کی حکومت ہے، اگر آپ نے چاروں صوبائی اسمبلیوں کو تحلیل کرنا ہے تو بھی آپ کو فریم ورک ترتیب دینا ہوگا وہ تو پھر بات چیت سے ہی ممکن ہے۔
انھوں نے مزید کہاکہ نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے ہم عدالت سے رجوع کریں گے اور جو جعلی حلف نامہ شہباز شریف کی جانب سے جمع کروایا گیا ہم اس پر بھی کارروائی کے لیے کہہ سکتے ہیں کیوں کہ یہ ایک جرم ہے۔