وفاقی حکومت نے بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی

وزیراعظم شہباز شریف نے وزراتِ خزانہ کو فوری 5 ارب روپے این ڈی ایم اے کو جاری کرنے کی ہدایت کی ہے— فوٹو: فائل
وزیراعظم شہباز شریف نے وزراتِ خزانہ کو فوری 5 ارب روپے این ڈی ایم اے کو جاری کرنے کی ہدایت کی ہے— فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔ وزیراعظم نے این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم ایز کی اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کردی اور ہدایت کی کہ کمیٹی آج ہی اپنا اجلاس منعقد کرے۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ کمیٹی وفاقی اور صوبائی اداروں میں کو آرڈی نیشن بہتر کرنے کی تجاویز دے۔

شہباز شریف نے وزراتِ خزانہ کو فوری 5 ارب روپے این ڈی ایم اے کو جاری کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا کہ سیلاب متاثرین کی ریسکیو، ریلیف اور بحالی ایک قومی فریضہ ہے، ہمیں اپنے جماعتی مفادات سے بالا تر ہو کر عوام کی مدد کرنی ہے، ہم سیاست بعد میں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی اُن لوگوں کی مشکلات کا مداوا کرنے کا وقت ہے جو سخت مشکل میں ہیں، سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دوروں میں اتحاد اور قومی یگانگت کی بات کی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کیے ہیں اور خود نقصانات کا جائزہ لیا ہے۔

مزید خبریں :