کیا بچوں کو بھوکا مار دیں؟ کراچی کی ماں سامان کے بل دکھاتے ہوئے رو پڑی

ملک میں بڑھتی مہنگائی اور  بجلی کے بھاری بھرکم بلوں نے عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔

اسی حوالے سے ان دنوں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں کراچی سے تعلق رکھنے والی رابعہ نامی خاتون حکمرانوں سے مہنگائی پر سوال اٹھا رہی ہے۔

ویڈیو میں پریشان دکھائی دینے والی رابعہ اشیائے خورو نوش اور ادویات انتہائی مہنگی ہونے کا رونا رو رہی ہیں، رابعہ نے کہا کہ ان کے گھر کا کرایہ 20 ہزار  روپے ہے، 2 بچے ہیں، جن میں سے ایک کو فٹس پڑتے ہیں اور اس کی ادوایات گزشتہ 4 ماہ کے دوران بہت مہنگی ہو چکی ہیں۔

خاتون نے سوال کیا کہ مکان کا کرایہ دیں یا بجلی نہ ہونے کے باوجود بھاری بل ادا کریں یا پھر بچوں کے لیے دودھ اور دوائیں لیں؟ اور ہمارے علاقے میں تو بجلی زیادہ تر غائب ہی رہتی ہے۔

رابعہ نے بتایا کہ ان کے گھر کا بجلی کا بل 15 ہزار 560 روپے آیا ہے اور 556 یونٹس استعمال کیے گئے ہیں جب کہ ان کے علاقے میں بجلی بھی اکثر نہیں ہوتی۔

ویڈیو میں انہوں نے  بجلی اور اشیائے ضروریہ کے بل بھی دکھائے اور  وزیرِ اعظم شہباز شریف اور  مریم نواز سے سوال کیا ہے کیا اب بیمار بچے کو دوا بھی نہ دیں؟

رابعہ نے کہا کہ 'تم لوگوں نے غریب کو ماردیا ہے،  بچوں کو کھلائیں یا پھر بھوکا مار دیں؟ بتائیں غریب گھر کیسے چلائے؟'

مزید خبریں :